بجلی بحران کے تمام تر ذمہ دار شہباز شریف ہیں: شجاعت

 بجلی بحران کے تمام تر ذمہ دار شہباز شریف ہیں: شجاعت

 لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی نے ایک روز قبل پارٹی اجلاس میں پنجاب حکومت کی لوڈ شیڈنگ کے نام پر وفاقی حکومت کو بدنام کرنے اور سوئی گیس ڈویلپمنٹ فنڈز کی تقسیم میں ناانصافی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ارکان نے اجلاس میں اجاگر کیا کہ شہباز شریف کے پسندیدہ افسران لوڈ شیڈنگ کا باعث بن رہے ہیں جو جان بوجھ کر سحر و افطار کے وقت بجلی بند کر دیتے ہیں تاکہ عوام وفاقی حکومت کو برا بھلا کہیں، یہ ویسا ہی کھیل ہے جیسا گذشتہ الیکشن میں نگران حکومت نے آٹے کا جعلی بحران پیدا کر کے کھیلا تھا۔ بجلی کے بحران کی تمام تر ذمہ داری شہباز شریف پر عائد ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو شکایات سننے کے بعد چند افسران کو ٹرانسفر کرنے کے احکامات بھی جاری کرنے پڑے۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان سوئی گیس کے افتتاح پولیس سے کرا رہے ہیں اور رات کے اندھیرے میں وزیراعظم سے ملاقاتیں کر کے فنڈز وصول کرتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت اور نائب وزیراعظم پرویز الٰہی نے پارٹی وزرا کے تحفظات کی لسٹ تیار کر لی ہے جو ایک دو روز تک وزیراعظم کو پیش کریں گے، صدر سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ چودھری برادران نے لاہور کے پارٹی اجلاس میں وفاقی وزرا کے فنڈز کی عدم فراہمی، بعض معاملات پر تحفظات اور حکومتی وعدے پورے نہ ہونے پر اعتراضات کی لسٹ تیار کی ہے۔