پی ٹی آئی والے کہتے کچھ، کرتے کچھ ہیں: سرد ار اورنگزیب، خیبر پی کے اسمبلی میں شور شرابہ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کی زیرصدارت خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ ڈپٹی سپیکر نے معطل ایم پی ایز کو گوشوارے الیکشن کمشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ 48 میں سے 11 ایم پی ایز نے تفصیلات جمع کرا دیں۔ مسلم لیگ (ن) کی بیگم آمنہ سردار نےہزارہ دستکاری سینٹر میں ڈی آئی خان کی ٹیچر کی تعیناتی پر سوال اٹھایا۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی سردار ادریس نے کہا کہ اتنی دور تعیناتی قابل مذمت ہے۔ دور دراز علاقے سے تعیناتی حکومتی پالیسی کے بھی خلاف ہے۔ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نے ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے کچھ، کرتے کچھ ہیں۔ سردار اورنگزیب کے ریمارکس پر پی ٹی آئی ارکان نے شور شرابہ مچایا۔ ارکان نے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی۔