اہل تشیع کو اشتہار میں غیر مسلم لکھنے پر تحصیل انتظامیہ بنوں کے ایک افسر سمیت 4 اہلکار معطل
پشاور (بی بی سی) خیبر پی کے کی حکومت کے ادارے لوکل کونسل بورڈ نے ضلع بنوں میں تحصیل انتظامیہ کی طرف سے ایک اشتہار میں شیعہ کا نام غیر مسلموں کے خانے میں لکھنے پر ایک افسر سمیت چار اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے معطل کر دیا ہے۔ تحصیل ناظم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے دفتر سے جاری اشتہار میں غلطی کرنے پر میونسپل افسر اور آفس سپرنٹنڈنٹ سمیت چار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ تحصیل ناظم کے مطابق خاکروب کی اسامی کے لیے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں مذہب کے خانے میں غیر مسلموں کے ساتھ ساتھ اہل تشیع فرقے کا نام بھی دے دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں بنوں میں شیعہ علمائے کرام اور عمائدین سے معذرت بھی کی گئی ہے جو ان کے بقول قبول کر لی گئی ہے۔ تحقیقات کے لیے لوکل کونسل بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے۔ عمران خان نے بھی اس اشتہار کی ایک کاپی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) پر مختلف فرقوں اور مذاہب کے درمیان نفرت پھیلانے کا الزام لگایا۔ خیال رہے کہ ضلع بنوں کی موجودہ تحصیل اور ضلع ناظمین کا تعلق بھی جے یو آئی (ف) سے ہے۔