پروازیں تاخیر کا شکار‘ خیبر پی کے اسمبلی نے پی آئی اے کیخلاف قرارداد منظور کر لی
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی اجلاس میں پی آئی اے کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مہر تاج روغانی کی زیرصدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پی آئی اے کی پروازوں میں تاخیر کے خلاف بھی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد ایم پی اے فخر اعظم وزیرنے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پی آئی اے کی تمام پروازیں روزانہ کی بنیاد پر تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ اسمبلی نے فوڈ اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی ہے۔ قانون کے مطابق خیبر پی کے میں حلال فوڈ اتھارٹی قائم کی جائے گی جس کی منظوری کے بعد اشیاء خوردونوش پر حلال کا لوگو لگایا جائے گا۔ اسی طرح ڈبے میں اشیاء خوردونوش کے اجزا کے متعلق بھی باقاعدہ طورپر اندراج کیا جائیگا۔