نیوزپیپرز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ 2013ء میں ضرورت کیمطابق ترامیم کرنے پر اتفاق

پشاور (پ ر) صوبائی حکومت خیبر پختونخوا اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے مشترکہ اعلامیہ میں خیبر پختونخوا پریس‘ نیوز پیپرز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ 2013ء میں آزادی صحافت سے متصادم شقوں کا جائزہ لیکر اسے صحافی دوست بنانے کیلئے ایکٹ میں ضرورت کے مطابق ترامیم پر اتفاق کیا ہے۔ اس امر کا اعلان سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا قیصر عالم خان اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نائب صدر اور خیبر پختونخوا کمیٹی کے چیئرمین طاہر فاروق کی زیرقیادت اخبارات و جرائد کے مدیران کے وفد کی ملاقات میں کیا گیا۔ دوران گفتگو سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے صوبے کے اخبارات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ کونسل آف سی پی ای کے وفد میں مسعود خان‘ حافظ ثناء اللہ‘ ناصر حسین اور عدنان ظفر شامل تھے جبکہ ڈی جی اطلاعات سید امیر حسین شاہ‘ ڈائریکٹر اشتہارات امداد اللہ اور پریس رجسٹرار فردوس خان بھی موجود تھے۔