بٹگرام : ڈی پی او آفس پر حملے کی کوشش ناکام، افغانستان سے تربیت یافتہ 2دہشت گرد گرفتار
پشاور (آن لائن+صباح نیوز) محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران بٹگرام سے دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفس بٹگرام سمیت سکیورٹی اداروں پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔پشاور میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ محکمہ انسداد دہشتگردی حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفس بٹگرام، چانچل تھانہ اور آرمی ہیڈکوارٹر پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشتگردوں کو منگل کے روز محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران ضلع بٹگرام سے گرفتار کیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ملزموں نے ضلع بٹگرام میں کوزہ بانڈہ چائنہ کیمپ پر حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور ان کے قبضے سے ڈی پی او آفس بٹگرام کی وڈیو بھی برآمد کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں سی ٹی ڈی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا گرفتار ملزمان نے بٹگرام میں کوزہ بانڈہ چائنہ کیمپ پر حملے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے ۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد نواز اور عزیزاﷲ شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سوات سے ہے اور ان پر بٹگرام میں بجلی ٹرانسمیشن لائن کے پول دھماکوں سے اڑانے کا الزام ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا گرفتار ملزمان نے افغانستان سے آئی ای ڈی بنانے اور اسلحہ چلانے کی تربیت بھی حاصل کی۔ دوسری جانب پشاور کے علاقہ ناگمان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔ جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت زرنوش کے نام سے ہوئی ہے۔
بٹگرام