فرانسیسی صدر نے سیلاب زدگان کیلئے یورپی یونین کی سطح پر امداد بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی

پیرس(صاحبزادہ عتیق سے) فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی نے سیلاب زدگان کیلئے یورپی یونین کی سطح پر امداد بڑھانے اور امدادی کاموں میں تیزی لانے کیلئے مزید کوششیں کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستانی صحافی منظورجنجوعہ کی طرف سے سیلاب زدگان کی امدادبڑھانے کے حوالے سے صدر سرکوزی کو بھیجے گئے خط کے جواب میں کہی۔صدر سرکوزی نے اپنے جوابی خط میں یقین دلایا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد بڑھانے اور ان میں تیزی لانے کیلئے وہ اپنا رول ادا کریں گے اور یورپی ممالک کومزید متحرک کرنے کیلئے بھی اپنی کوششیں تیز کریں گے۔ واضح رہے کہ منظور جنجوعہ نے فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی اور درجنوں فرانسیسی این جی اوز کو گذشتہ ہفتے خطوط ارسال کئے تھے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ یورپی ممالک کو پاکستان کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئے اور سیلاب زدگان کی امداد میں تیزی لانے چاہیے۔ پاکستان تنہا اتنی بڑی تباہی سے نہیں نمٹ سکتا۔ سیکور اسلامک اور انٹرنیشنل سولڈیرٹی سمیت کئی این جی اوز نے بھی کام میں تیزی اور بہتری لانے کی یقین دہانی کرا دی۔