سوک سینٹر بار سلونا میں خواتین کی عید ملن پارٹی

پیرس (صاحبزادہ عتیق سے)
بارسلونا میں خواتین کی سماجی تنظیم آسے سوپ کی زیراہتمام سیوک سینٹر بار سلونیتا میں عیدملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں بارسلونا میں مقیم پاکستانی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف ایسوسی ایشنوں کی خواتین، ابن بطوطہ سے فاطمہ احمد‘ توت روال سے نور یا پاریس‘ پولیس کی اعلیٰ افسران‘ ڈاکٹرز‘ نرسیں‘ سکول ٹیچرز اور بارسلونا میں زیرتعلیم طالبات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر بارسلونا میں موجود پہلی پاکستانی ڈینٹسٹ ڈاکٹر ہما کا تعارف بھی کروایا گیا گیا۔ تقریب میں بہت ساری خواتین جواپنی مصروفیات کی وجہ سے طویل عرصہ تک ایک دوسرے سے مل نہیں پاتیں اس پروگرام میں شرکت کرکے انہیں ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملا۔ بنگلہ دیش کی مشہور سنگر فامیہ خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب سے تمام خواتین بہت لطف اندوز ہوئیں اور انہوں نے فامیہ خان کے فن کو سراہا۔ پارٹی میں موجود تمام خواتین نے جدید طرز کے خوبصورت لباس زیب تن کررکھے تھے اور سب کی خاطر تواضع کے لئے آسے سوپ کی طرف سے چاٹ‘ سموسے‘ سینڈوچ اور مشروبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔