لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ اور انڈر 18 یوتھ ایشیا کپ جیتنے والی قومی ہاکی ٹیموں کے اعزاز میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔ اس موقع پر سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو کیش انعامات سے نوازا گیا۔ قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ میں کامیابی حاصل کرنے پر پی ایچ ایف کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک ہزار ڈالر جبکہ جونیئر ٹیم کی میانمر میں ٹائٹل جیتنے پر کھلاڑیوں کیلئے 50 ہزار فی کس انعام کا اعلان کیا تھا۔ گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں قاسم ضیاء نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں میں پرفارمنس کی بنیاد پر اعلان کردہ ماہانہ معاوضوں کے چیک اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ جیتنے پر ایک ایک ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی دی۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیاء نے کہا کہ اس وقت پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کہ پاکستان کی سینئر اور جونیئر ٹیموں نے دو اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہم اس وقت بہت فخر محسوس کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ دونوں ٹیمیں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ محمد جنید نے کہا کہ جونیئر ایشیا کپ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ کھلاڑیوں نے ہر میچ انتہائی جذبے کے ساتھ کھیلا جس کے نتیجے میں پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم ناقابل شکست رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جونیئر ٹیم مستقبل میں بھی بہترین نتائج دینے کی کوشش کرے گی۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان کاشف شاہ نے کہا وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کھلاڑیوں کے لئے نقد معاوضوں کا اعلان کیا۔ اس سے کھلاڑیوں کو نہ صرف مالی فائدہ حاصل ہوا ہے بلکہ دوسرے کھلاڑیوں کو بھی انہیں دیکھ کر ہاکی کھیلنے کا شوق ہو گا۔
Post New Comment