لاہور+گوجرہ (سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) پاکستان جونیئر ٹیم نے ملائیشیا کو ہرا کر انڈر 18 ایشیا کپ یوتھ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ میں قومی ٹیم نے ملائیشیا کو تین کے مقابلے چار گول سے مات دی۔ میانمر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین ایک سے برتری حاصل کی جبکہ دوسرے ہاف کے آخری پانچ منٹ میں ملائیشین ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیا لیکن میچ کا اختتام پاکستان ہاکی ٹیم کی تین کے مقابلے چار گول کی برتری سے ہوا۔ پاکستان کی طرف سے گول کرنے والوں میں بلال قادر، راؤ عمیر، جاوید اور توثیق نے ایک ایک گول کیا۔ ملائیشیا کی ٹیم نے پہلے ہاف میں ایک جبکہ دوسرے ہاف کے آخری پانچ منٹ میں ملنے والے دو پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کے خسارہ کو کم کر دیا تاہم انہیں میچ برابر اور جیتنے کا موقع نہ مل سکا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید اور اسسٹنٹ کوچ انجم سعید نے کہا پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی میانمر میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں کامیابی کھلاڑیوں کی محنت اور قوم کی دعاوں کا نتیجہ ہے۔ خواجہ جنید نے کہا ہمارے جونیئر کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان جونیئرز میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ انجم سعید نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی ترقی کا جو بیڑا اٹھایا ہے اس کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا اور سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان ہاکی درست سمت میں چل نکلی ہے مستقبل میں بھی قوم کو ایسی ہی مزید خوشیاں نصیب ہوں گی۔ علاوہ ازیں ایشیا کپ کا فائنل میچ کی اطلاع ملتے ہی گوجرہ کے ہاکی کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ مذکورہ جونیئر ٹیم میں گوجرہ اکیڈمی کے سات کھلاڑی شامل ہیں۔ استاد اسلم ، خاور جاوید انٹرنیشنل، پاکستانی وائیٹ کے کوچ شہباز جونیئر اور ارشاد احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر ٹیم نے میانمر میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ گوجرہ پہنچنے پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔
Post New Comment