لاہور (سپورٹس رپورٹر) سنگاپور میں جاری پہلی یوتھ اولمپک گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنے چوتھے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 5-2 سے شکست کھا گئی جس کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ رک گیا۔ پاکستان ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے آخری لیگ میچ میں بیلجیئم کے خلاف کامیابی اور کم سے کم میچ برابر کھیلنا ہوگا۔ گذشتہ روز پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کیھلے جانے والے میچ میں وقفہ تک آسٹریلیا کو دو ایک سے برتری حاصل تھی۔ پاکستان کی طرف سے کھیل کے 9ویں منٹ میں محمد ارسلان قادر نے گول کر کے برتری حاصل کی۔ تاہم آسٹریلیا کی جانب سے 20ویں اور 29 منٹ میں گول کر کے برتری کو ختم کر دیا گیا۔ دوسرے ہاف کے 42 ویں، 46 ویں اور 51 ویں منٹ میں آسٹریلیا کی طرف سے مزید تین گول کر کے مقابلہ پانچ ایک کر دیا پاکستان کی طرف سے دوسرا گول کھیل کے 52 ویں منٹ میں محمد رضوان نے کیا۔ میچ کا اختتام آسٹریلیا کی پانچ دو سے کامیابی کے ساتھ ہوا۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کے دن کے بعد کل آخری لیگ میچ کھیلیں جائیں گے پاکستان ٹیم کا مقابلہ بیلجیئم سے معیاری وقت کے مطابق 3 بجے شروع ہوگا۔
Post New Comment