لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے جاپان کو چار صفر سے شکست دیکر انڈر 18 یوتھ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق میانمر میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔ میانمر سے آمدہ اطلاعات کے مطابق قومی ٹیم کی طرف سے توثیق، جاوید، مشتاق اور ایوب نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان جونیئر ٹیم کی ڈیفنس لائن اور گول کیپنگ کے شعبہ میں بہترین کھیل دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے جاپان کے فاروڈ کھلاڑی کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے ۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ انجم سعید نے میانمر سے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قومی کھلاڑیوں نے گیم پلان پر عمل کرتے ہوئے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا تمام کھلاڑیوں میں اب اس بات کا جذبہ پایا جا رہا ہے کہ فائنل میچ جیت کر پاکستان کے ایک اور ٹائٹل میں اضافہ کرینگے۔ انجم سعید نے کہا ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی جو پہلی مرتبہ کسی انٹرنشنل ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے تمام ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترے ہیں۔ پاکستان انڈر 18 ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید نے اس موقع پر گفتگو میں کہا اﷲ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہمیں جو ٹاسک ملا تھا جونیئر کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے جونیئر کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ فائنل جیت لے کیونکہ ٹائٹل ایک فتح کی دوری پر ہے۔
Post New Comment