لاہور، پشاور (سپورٹس رپورٹر، ریڈیو نیوز) سکیورٹی خدشات پر پشاور میں 25 مارچ سے ہونیوالی 31ویں نیشنل گیمز 9 ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئیں۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ ان گیمز کو ملتوی کیا گیا۔ اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے نئی تاریخوں کے مطابق یہ گیمز اب 23سے 31 دسمبر تک پشاور میں منعقد ہونگی۔ لاہور میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسین نے کہا کہ گیمز کے انعقاد کے حوالے سے قائم سکیورٹی کمیٹی کی رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر طے پایا کہ نیشنل گیمز کا فوری انعقاد ممکن نہیں۔ یہ گیمز، ایشین گیمز کے بعد منعقد ہونگی۔ نیشنل گیمز کو لاہور، اسلام آباد اور کراچی منتقل کرنے کی تجاویز اجلاس میں پیش کی گئی تھیں لیکن ان کو مسترد کر دیا گیا کیونکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا رسک نہیں لیا جا سکتا تھا۔ گیمز کو ملتوی کرنے سے پہلے میزبان صوبے کے وزیر اعلٰی سے بھی مشورہ کیا گیا تھا جنہوں نے فیصلے کا اختیار صوبائی وزیر کھیل سرحد سید عاقل شاہ کو دے دیا۔ رواں سال انٹرنیشنل مقابلوں میں یوتھ گیمز، بیچ گیمز، کامن ویلتھ اور ایشین گیمز کا انعقاد بھی ہونا ہے۔ نیشنل گیمز ان تمام کے بعد دسمبر میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسی سال پاکستان نے ایشیا کپ بیس بال ٹورنامنٹ اور ورلڈ جو جٹسو کا پاکستان میں انعقاد ہونا ہے۔ اس موقع پر سرحد اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے بتایا کہ نیشنل گیمز کے لئے 6 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ اب تک ایک کروڑ روپیہ خرچہ ہوچکا ہے۔ انشااﷲ حالات معمول پر آتے ہی گیمز کا انعقاد پشاور میں ہی ہوگا۔
Post New Comment