شاہد آفریدی پر 5 سال کی پابندی لگائی جائے ‘ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کا مطالبہ

ـ 16 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز+ آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے اجلاس میں شاہد آفریدی پر 5 سال کی پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے اراکین کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی بال ٹمپرنگ کے باعث ملک کی بدنامی کا سبب بنے ہیں اس لئے ان پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی جائے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سپورٹس کے اجلاس میں سینیٹرز اور کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ کرکٹ بورڈ نے وزارت کھیل کے رویے اور نئے آئین کی تیاری میں اعتماد میں نہ لینے کا الزام عائد کردیا جس پر آئین کے معاملے پر کمیٹی کا الگ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ کرکٹ بورڈ میں بلوچستان کی نمائندگی ملتان کو دینے کے فیصلے کو کمیٹی نے فوری طور پر منسوخ کرنے کا متفقہ فیصلہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر غفار قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں ق لیگ کے سینیٹرز ہارون اختر طارق عظیم خان نے اعجاز بٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اعجاز بٹ متضاد بیانات دے رہے ہیں ایک طرف وہ یہ کہتے ہیں کہ بورڈ نامکمل ہے اور دوسری طرف بورڈ کے اجلاس بلاتے ہیں جس پر کمیٹی کے چیئرمین غفار قریشی نے بھی کہا کہ اعجاز بٹ تضاد بیانات دینے کا سلسلہ ختم کریں کرکٹ ٹیم میں سیاست ہے کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اجلاس میں سابق سینیٹر انور بیگ اور اعجاز بٹ کے درمیان بھی تلخی ہوتی رہی جب اعجاز بٹ نے یہ کہا کہ بورڈ کے ممبران بیک ڈور سے سفارشیں کرتے ہیں جس پر انور بیگ نے کہا کہ آپ کی مراد ایوان صدر ہے اعجاز بٹ نے کہا کہ بورڈ کے نئے ممبران کا تقرر کا معاملہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے اگر کمیٹی کہے تو پرانے ممبران کو آج ہی نکال دونگا جس پر انور بیگ نے کہا کہ آئین کے تحت آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ بورڈ کا چیئرمین صدر مملکت کو ممبران کو برطرف کرنے کی سفارش کر سکتا ہے۔ سینیٹر طارق عظیم نے کہا کہ اعجاز بٹ آئین پڑھے بغیر اجلاس میں آگئے ہیں اس لئے متضاد باتیں کرتے ہیں سینیٹرز کے استفسار پر اعجاز بٹ نے کہا کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ زیادتی کی گئی اس لئے میں نے للت مودی سے آئندہ ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بھارت سے کرکٹ سیریز ملک کے اندر اور ملک کے باہر منعقد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ جولائی میں آسٹریلیا برطانیہ میں پاکستان سے دو ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔ آسٹریلیا میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کوچ انتخاب عالم کی رپورٹ آگئی ہے جو کمیٹ کو بھجوا دی جائے گی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر جہانگیر بدر کے استفسار پر سیکرٹری سپورٹس نے بتایا کہ پی سی بی کا پرانا آئین موجود ہے نئے آئین کی تیاری پر کام جاری ہے جب تک نیا آئین صدر مملکت منظور نہیں کر دیتے پرانا آئین قابل عمل ہے جس پر اعجاز بٹ نے کہا کہ آئین کی تیاری کیلئے ممبران کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور وزارت کھیل پر ہونے والے ایک اجلاس میں جو بات ہوئی وہ شامل نہیں کی گئی جس پر کمیٹی نے آئین کے ایشو پر الگ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا اجلاس میں جاوید میاندار نے اپنی تنخواہوں کا ریکارڈ پیش کیا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions