اوہائیو (اے پی پی) کم کلسٹر، ماریہ شرا پوا، ایناستاسیہ پالچینکوا اور اینا ایوانوچ نے ڈبلیو ٹی اے سنسناٹی اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سنسناٹی، اوہائیو میں جاری ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کی کم کلسٹر نے اٹلی کی فلاویہ پینیٹا کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، کم کلسٹر کی جیت کا سکور 7-6 اور 6-4 رہا۔ ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک روس کی خوبرو ٹینس سٹار ماریہ شراپوا نے فرانس کی میرین برٹولی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-4 سے شکست دی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں روس کی ایناستاسیہ پالچینکوا نے بیلجیئم کی یا نینا وکمائر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرایا، ایناستاسیہ پالچینکوا نے پہلا سیٹ سخت مقابلے کے بعد 7-5 سے جیتا، تاہم دوسرے سیٹ میں یا نینا وکمائر نے شاندار کم بیک کیا اور ایناستاسیہ پالچینکوا کو 6-3 سے شکست دی، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں ایناستاسیہ پالچینکوا نے یا نینا وکمائر کو مکمل طور پر آﺅٹ کلاس کردیا اور سیٹ 6-1 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، چوتھے کوارٹر فائنل میں سربیا کی اینا ایوانوچ ازبکستان کی اکگل امنمرادوا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-2 اور 6-2 سے ہرایا۔
Post New Comment