سری لنکا نے بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

ـ 14 جنوری ، 2010
  • Adjust Font Size

میرپور (اے پی پی) سری لنکا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کولا سیکرا کی تباہ کن باﺅلنگ اور جے ورھنے کی شاندار بیٹنگ نے سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سریش رائنا کی سنچری بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی۔ سری لنکا نے 246 رنز کا ہدف 48.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جے ورھنے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 71 رنز بنائے۔ کولاسیکرا نے چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا انہیں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت کی طرف سے سریش رائنا نے 106 رنز بنائے، سری لنکا کے کپتان سنگاکارا کو ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو شیر بنگال نیشنل سٹیڈیم میں کھیلنے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اسے پہلا نقصان صرف ایک کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب گوتم گمبھیر پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کولاسیکرا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اگلے ہی اوورز مین بھارت کی دوسری وکٹ گری جب وہرت کوہلی صرف دو رنز بنانے کے بعد ویلگدیرا کی گیند پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ بھارت کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب یوراج سنگھ بغیر کوئی رن بنائے ویلگدیرا کی گیند پر سمارا ویرا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان دھونی بھی زیادہ دیر سری لنکن باﺅلرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور مجموعی سکور میں 14 رنز کے اضافہ کرنے کے بعد کولا سیکرا کی گیند پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ وریندر سہواگ جو ایک اینڈ سے سری لنکن باﺅلرز کو اپنے جارحانہ انداز میں خوبصورت سٹروکس کھیل رہے تھے وہ بھی 60 کے مجموعی سکور پر کولا سیکرا کی گیند پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے ان کی اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے کیریئر کے سات ہزار رنز مکمل کئے۔ اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت کی ٹیم ڈیرھ سو سے بھی کم سکور پر آﺅٹ ہو جائے گی مگر سریش رائنا نے اس موقع پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جدیجا کے ساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 106 قیمتی رنز جوڑے اور ٹیم کا سکور 166 رنز تک پہنچا دیا۔ جدیجا بھارت کے چھٹے آﺅٹ ہونےوالے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنانے کے بعد دلشان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ظہیر خان 16 رنز بنانے کے بعد کولا سیکرا کا شکار بنے۔ بھارت کے نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی سریش رائنا تھے جو 106 رنز کی دلکشن اننگز کھیلنے کے بعد ویلگدیرا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ سری سانتھ بھارت کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس طرح بھارت کی ٹیم 48.2 اوورز میں 245 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی طرف سے کولا سیکرا نے چار، ویلگدیرا نے تین جبکہ رندیو، پریرا اور دلشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے 246 رنز کا ہدف جے وردھنے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 48.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جے وردھنے نے 71 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے۔ سنگاکارا 50، دلشان 49، سمارا ویرا 27، کنڈمبے 17 اور تھرنگا بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔ بھارت کی طرف سے ہربھجن سنگھ نے دو جبکہ نہرا جدیجا اور یوراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کے نوان کولاسیکرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سری لنکا کے کپتان سنگاکارا کو ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions