میرپور (اے پی پی) بھارت نے سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ بھارت نے سری لنکا کی طرف سے دیا گیا 214 رنز کا ہدف 32.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کی طرف سے گوتم گمبھیر اور وہرت کوہلی نے 71، 71 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ ظہیر خان اور امیت مشرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی طرف سے کمار سنگاکارا 68 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ظہیر خان کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اتوار کو بنگال میں نیشنل سٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ بنگلہ دیش کے خلاف 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے اوپل تھرنگا اس مرتبہ اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہیں سدیپ تیاگی نے دنیش کارتھک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرایا۔ 42 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی اہم وکٹ گر گئی جب دلشان تیز کھیلنے کی کوشش میں طہیر خان کی گیند پر گوتم گمبھیر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ اس موقع پر سری لنکن مڈل آرڈر بلے باز بھارتی باﺅلرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے اور یکے بعد دیگرے آﺅٹ ہوتے رہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سنچری سکور کرنے والے جے وردھنے اس مرتبہ صرف 5 رنز بنا کر ظہیر خان کی گیند پر ویرت کوہلی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ سمارا ویرا بغیر کوئی رن بنائے سری سانتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ تھلان کنڈمبے صرف ایک رن بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے۔ سری لنکا کے چھٹے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھسارا پریرا تھے جو 11 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر یوراج سنگھ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 84 رنز تھا۔ تاہم اس موقع پر سوراج رندیو نے سنگاکارا کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 59 قیمتی رنز جوڑے۔ سنگاکارا 68 رنز بنانے کے بعد یوراج سنگھ کی گیند پر رائنا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم ڈیڑھ سو سے بھی کم اسکور پر آﺅٹ ہو جائے گی مگر تھشارا نے رندیو کا خوب ساتھ دیا اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 202 رنز تک پہنچا دیا۔ تھشارا مجموعی سکور میں 28 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ظہیر خان کی گیند پر یوراج سنگھ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو مشکل وقت میں 56 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد مشرا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ چناکاویلگدیرا سری لنکا کے آخری آﺅٹ ہونے والے بلے باز تھے جو ایک رن بنا کر مشرا کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔ اسی طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 46.1 اوورز مٰں 213 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے ظہیر خان اور امیت مشرا نے تین تین جبکہ تیاگی، سری سانتھ اور یوراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت نے 214 رنز کا ہدف بآسانی 32.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارتی اوپنرز دنیش کارتھک اور گوتم گمبھیر نے 89 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ دنیش کارتھک دو رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور تھشارا کی گیند پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ گوتم گمبھیر بھارت دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پریرا کی گیند پر ویلگدیرا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ ویرت کوہلی نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یوراج سنگھ 8 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ سری لنکا کی طرف سے تھشارا اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ظہیر خان کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Post New Comment