لاہو+ڈھاکہ (سپورٹس رپورٹر+ایجنسیاں) سیف گیمز کے 10ویں روز پاکستانی باکسر نعمت اللہ اور خاتون ایتھلیٹ نسیم اختر نے گولڈ میڈل جیت لئے۔ باکسنگ میں محمد وسیم کراٹے میں سعدی عباسی نے سلور، ایتھلیٹکس میں لیاقت علی باکسنگ میںنادر ، عامر خان، کراٹے میں ناصر خان، عین الدین، کلثوم اور تائیکوانڈو میں شاہ عادل اور ووشو میں حسین ابراہیم نے کانسی کے تمغے جیتے ۔ سیف گیمز میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 80 ہوگئی جن میں 19گولڈ،25 سلوراور 36 براﺅنز میڈلز شامل ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اب تک 80 میڈلزکے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 169 مجموعی میڈلز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔تفصیلات کے مطابق100 میٹر سپرنٹ ایونٹ میں پاکستان کی نسیم اختر نے مقررہ فاصلہ 11.81 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ سری لنکا کی پرامیلا 11.93 سیکنڈز کے ساتھ دوسری اور چالا شالیکا 12.12 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ نسیم اختر نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے یہ ان کی تاریخی فتح ہے اور مجھے خوشی ہوئی ہے کہ میں نے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے چیف لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے 100 میٹر سپرنٹ ایونٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اتھلیٹ نسیم اختر کے لےے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے میڈی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نسیم اختر نے ایونٹ میں تاریخی فتح حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔گزشتہ روز ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کے باکسر محمد وسیم اور نعمت اﷲ فائنل کیلئے کوالیفائی کر گئے ہیں، پاکستان نے تیکوانڈو ایونٹ میں 3 سلور میڈل حاصل کئے۔ پاکستانی تیراک کرن خان نے سوئمنگ مقابلے میں ایک اور برونز میڈل جیت لیا ہے ٹی 20 کرکٹ فائنل میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ برونز میڈل میچ میں پاکستان نے نیپال کو شکست دے دی جبکہ کراٹے میں سائرہ ناصر نے پاکستان کےلئے گولڈ میڈل جیتا۔ سائرہ ناصرکا تعلق کلرسیداں سے ہے۔ تفصیل کے مطابق اس سے قبل کھیلے گئے ہاکی کے برونز میڈل میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2-1 سے ہرادیا۔ ایک موقع پر سری لنکا ٹیم امپائر کے فیصلے نالاں ہو کر میچ ختم کرنے پر تیار ہوگئی تھی لیکن ٹیم آفیشلز نے میچ جاری رکھنے پر آمادہ کرلیا۔ اتھلیٹکس کے ٹرپل جمپ میں پاکستان کے ظفر اقبال نے 16.5 میٹر فاصلے کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔ 100 میٹر رکاوٹی دوڑ میں پاکستان کے محسن علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 14.76 سیکنڈ میں طے کیا۔ جیولین تھرو میں بھارت کے کاشی ناتھ نائیک نے 74.27 میٹر دور جیولین پھینک کر طلائی اور پاکستان محمد عمران نے 73.38 میٹر فاصلے کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔ کبڈی سٹیڈیم میں ہونے والے ریسلنگ مقابلوں میں پاکستان کے لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے 74 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ 96 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عامر نے پاکستان کو دوسرا طلائی تمغہ دلوایا۔ نیشنل سپورٹس کونسل جمنیزیم میں ہونے والے تیکوانڈو مقابلوں میں پاکستان نے 3 سلور میڈل جیت لئے۔ پاکستان کے رضوان اسلام اور جاوید کریم نے مردوں جبکہ سمیعہ امداد نے خواتین مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کیا۔ رضوان کو 74 کلوگرام وزن کے فائنل میں افغانستان کے مسعود ہاشمی نے شکست دی۔ 80 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں بھارت کے آنزپانڈیہ نے پاکستان کے جاوید کریم کو ہرایا۔ بنگلہ دیش کی شامی اختر نے پاکستان کی سمیعہ کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان کی کرن خان نے 50 میٹر بیک سڑوک مقابلے میں برونز میڈل حاصل کیا۔ بھارت کی فریحہ زمان نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم پر کھیلے گئے ٹی 20 فائنل میں بنگلہ دیش جونیئر ٹائیگرز نے فائنل میں سری لنکا کو 6 رنز سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
Post New Comment