ناگ پور (اے پی پی) ناگ پور ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی جنوبی افریقن بلے بازوں کے نام رہا ، ہاشم آملہ کی شاندارڈبل سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے بھارت کے خلاف اپنی پہلی اننگز 558 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کردی، ہاشم آملہ نے کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 253 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے ، جیک کیلس 173 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، بھارت کی طرف سے ظہیرخان نے تین اور ہربجھن سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اتوار کومیچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی نامکمل اننگز 291 رنز دو کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ہاشم آملہ 115 اور جیک کیلس 159 رنز پر کھیل رہے تھے جیک کیلس 173 رنز بنا کرہربجھن سنگھ کی گیند وجے کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے، اس موقع پر ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ویلیئرز نے شاندار بیٹنگ کامظاہرہ کیا اورچوتھی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنا کرٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ اے بی ڈی ویلیئرز53 رنز بنانے کے بعد سہواگ کی گیند پر بدری ناتھ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے ، جے پی ڈومینی جنوبی افریقہ کے پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف 5 رنز بنا سکے انھیں ہربجھن سنگھ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔مارک باوچر 39 رنز بنانے کے بعد ظہیر خان کی گیند پر مشرا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے، ایک طرف سے ہاشم آملہ کی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا انہوں نے اپنے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی اوروہ 253 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ 558 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے اننگز ڈیکلیئر کردی ۔ بھارت کی طرف سے ظہیرخان نے تین ، ہربجھن سنگھ نے دو اور وریندرسہواگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 25 رنز بنالیے ، دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو گوتم گھمبیر 12 اور سہواگ 9 رنز پرکھیل رہے تھے ۔ دریں اثناء جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مایہ نازآل راونڈرجیک کیلس ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے یہ اعزاز بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔ سب سے زیادہ سنچریاں سکورکرنے کا اعزاز بھارتی بلے بازسچن ٹنڈولکر کے پاس ہے انہوں نے 164 ٹیسٹ میچوں میں 45 سنچریاں اسکور کی ہیں ۔ رکی پونٹنگ 39 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور سنیل گواسکر 34 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
a
Post New Comment