تازہ ترین:

پہلا ٹیسٹ : سری لنکا دوسری اننگز میں 217 پر آئوٹ ‘ پاکستان کو جیتنے کیلئے 97 رنز درکار

ـ 7 جولائی ، 2009
  • Adjust Font Size

گال (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کیخلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے پوزیشن مضبوط بنالی، کامیابی کیلئے مزید 97 رنز درکار جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ پیر کو گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 217 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی اور پاکستان کو کامیابی کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر 71 رنز بنائے اور اس کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا نے پہلی اننگز کے 50 رنز کے خسارہ پر اپنی دوسری اننگز شروع کی تو نائٹ واچ مین ہیراتھ اور وارن پورا کریز پر موجود تھے تاہم وارن پورا صفر کے سکور پر عمر گل کی بائولنگ کا نشانہ بن گئے اور سری لنکن ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہو گئی۔ پارانا ویتانا اور سماراویرا کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ 15، وارنا پورا صفر، پاراناویتانا 49 ، سنگاکارا 14 ، جے وردھنے صفر، سمارا ویرا 34 ،دلشان نے 22 رنز بنائے اور پوری سری لنکن ٹیم 217 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور سعید اجمل نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یونس خان نے دو، عمر گل اور عبدالرؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کو جیت کے لئے 168 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز خرم منظور اور سلمان بٹ نے کیا تاہم خرم منظور 36 کے مجموعی سکور پر 15 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔ خرم منظور کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے باز کپتان یونس خان بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے اور بدقسمتی سے 3 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ سلمان بٹ اور پہلی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے بلے باز محمد یوسف نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہو ئے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر مجموعی سکور کو 71 رنز تک پہنچا دیا۔ سلمان بٹ 28 اور محمد یوسف 12 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کو ٹیسٹ کے چوتھے روز کامیابی کیلئے مزید 97 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions