ناگپور( نیٹ نیوز)بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں 2وکٹ کے نقصان پر 291 رنز بنا لیے جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت آل راﺅنڈر جیک کیلس اور ہاشم آملہ کریز پر موجود تھے۔ پہلے دن کے کھیل کی خاص بات کیلس اور آملہ کی شاندار بلے بازی تھی۔ان دونوں بلے بازوں نے نہ صرف جنوبی افریقہ کو ایک مشکل صورتحال سے نکالا بلکہ سنچریاں بھی مکمل کیں۔ کھیل کے اختتام پر کیلس159 جبکہ آملہ 115 کے انفرادی سکور پر ناٹ آﺅٹ ہیں اور ان دونوں کے درمیان اب تک تیسری وکٹ کیلئے 285 رنز کی شراکت ہوچکی ہے۔بھارت کی جانب سے پہلے دن ظہیر خان واحد کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 2وکٹیں لیں۔ ایشول پرنس اور سمتھ کو ظہیر خان نے آﺅٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کیلئے یہ ٹیسٹ سیریز انتہائی اہم ہے کیونکہ جہاں اس سیریز میں فتح کی صورت میں وہ بھارت سے بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز چھین لے گاجبکہ شکست کی صور ت میں وہ عالمی درجہ بندی میں تیسرے درجے پرچلاجائے گا۔
Post New Comment