پاکستان اور سری لنکا میں چوتھا ون ڈے کل کھیلا جائے گا ‘ عمر گل ان فٹ‘ عبدالرزاق کی شرکت مشکوک

ـ 6 اگست ، 2009
  • Adjust Font Size

کولمبو (اے پی پی، بی بی سی ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں میں 5 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ کل جمعہ کو کھیلا جائیگا۔ میزبان ٹیم نے سیریز 3-0 سے جیت کر اپنے نام کر رکھی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمرگل ٹخنے کی تکلیف کے سبب سری لنکا کے دورے کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ عبدالرزاق کی شرکت بھی مسل میں تکلیف کی وجہ سے مشکوک ہو گئی۔ پاکستانی ٹیم نے کل اور 9اگست کو سری لنکا کیخلاف آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنا ہیں جبکہ 12 اگست کو اسے ٹونٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمرگل کے ٹخنے میں تکلیف ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرگل پاکستانی ٹیم کے اہم سٹرائیکر باؤلر ہیں لہٰذا ان کے معاملے میں بہت احتیاط سے کام لینا ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے دورے کے بعد چیمپئنز ٹرافی اور آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے لہٰذا وہ نہیں چاہیں گے کہ اس مرحلے پر ان کی تکلیف بڑھ جائے اور وہ آنے والے اہم میچوں میں شرکت سے محروم ہو جائیں۔ انتخاب عالم نے کہا کہ عبدالرزاق کا مسل کھنچ گیا ہے لہٰذا وہ بھی ایک یا دونوں ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ بلے باز مصباح الحق فٹ ہیں اور میچ سے قبل ہونیوالے ٹریننگ سیشن میں انہیں کھیلتا دیکھنے کے بعد ہی یہ فیصلہ ہو گا کہ وہ دونوں میچز کھیل سکیں گے یا نہیں؟ انتخاب عالم نے عمرگل اور عبدالرزاق کے ان فٹ ہونے کے سبب کسی متبادل کھلاڑی کی طلبی کو خارج از امکان قرار دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرگل کے ان فٹ ہونے کے بعد رانا نویدالحسن چوتھا ون ڈے کھیلے تھے جبکہ ابھی راؤ افتخار بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں لہٰذا باہر سے کسی باؤلر کو بلانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions