لاہور/اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک+ ایجنسیاں) دبئی کیس میں پی سی بی نے محمد آصف کو 10 لاکھ اور آئی سی ایل کھیلنے پر محمد یوسف‘ عمران نذیر اور عبدالرزاق کو5,5 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا ہے۔ امپائر سے بدتمیزی کرنے کے حوالے سے عمران نذیر کا تحریری معافی نامہ قبول کر لیا گیا ہے۔ پی سی بی محمد آصف کو ممنوعہ دوا کے استعمال پر آئی پی ایل کی طرف سے ایک سال کی پابندی کے ختم ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کرنے پر غور کرے گا۔ 21 ستمبر 2009ء کو ختم ہوگی۔ 3 رکنی انکوائری کمیٹی کے سربراہ وسیم باری نے بتایا کہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے محمد آصف کو 10لاکھ جرمانہ کی سزا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف کے قومی سکواڈ میں نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ محمد آصف نے کہا کہ میں پوری تندہی سے پریکٹس کر رہا ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹیم میں شامل کیا تو وہ اچھا کم بیک کرینگے۔ ممنوعہ ادویات کیس میں محمد آصف کو دبئی میں 19 دن تک زیرحراست رکھا گیا تھا۔ اوپننگ بیٹسمین عمران نذیر نے امپائر ندیم غوری کے ساتھ بدتمیزی پر تحریری معافی نامہ پی سی بی کو بھجوا دیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ انہیں سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوران ٹیم میں شامل کر لیا جائیگا۔ چیئرمین اعجاز بٹ نے ان کے معافی نامی کو قبول کرتے ہوئے انہیں سنٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں شامل کر لیا ہے۔ عمران نذیر نے گذشتہ روز پی سی بی ہیڈکواٹر میں چیئرمین اعجاز بٹ سے ملاقات کی۔ عمران نذیر نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہیں کرے گا۔ ملاقات کے بعد عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹونٹی 20 کے فائنل میں اپنے روئیے پر شرمندہ ہوں اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔ محمد آصف نے کہاکہ وہ بورڈ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ محمد آصف گذشتہ سال آئی پی ایل کھیل کر بھارت سے پاکستان سے آ تے ہوئے دبئی ائرپورٹ پر افیون کی برآمدگی پر حراست میں لئے گئے تھے اور انیس روز حراست میں رہنے کے بعد انہیں وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
Post New Comment