لاہور (اشرف چودھری سپورٹس رپورٹر) وفاقی حکومت کی طرح صوبائی حکومت کی ترجیحات میں بھی سپورٹس کا کہیں نام و نشان نہیں ہے۔ پنجاب حکومت نے مالی سال 2010-11ءکے لئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک ارب 10 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی بھجوائی جانے والی 20 سکیموں میں سے کسی ایک بھی منظوری نہیں دی گئی۔ پنجاب کے جو اضلاع سکیموں کی منظوری سے محروم رہے ان میں اٹک، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، چنیوٹ، لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاک پتن، بہاولنگر، سیالکوٹ اور ڈی جی خان شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے نئے مالی سال کے بجٹ میں جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص بجٹ میں 15 فیصد کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ بجٹ کے دوران سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کسی نئی سکیم کی منظوری نہیں دی گئی جس کی سب سے بڑی وجہ 2009-10ءمیں پنجاب حکومت نے اپنا زیادہ تر سال اوور ڈرافٹ پر گزارے۔ نئے مالی سال میں کسی بھی ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے کھیلوں کے شعبہ کو پس پشت ڈال دیا گیا۔ سپورٹس ڈیپاٹمنٹ کی جانب سے جو سکیمیں محکمہ خزانہ کو منظوری کے لئے بھجوائی گئی تھیں ان میں ضلع اٹک میں حضرو کے مقام پر 6 کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیڈیم کی تعمیر، ایک کروڑ روپے کی لاگت سے راولپنڈی کی گجر خان تحصیل میں سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، سرگودھا میں 15 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئمنگ پول کی تعمیر، فیصل آباد میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے پروٹو ٹائپ جمنیزیم کی تعمیر اور سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سکولز کی سطح پر سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک کروڑ، خانیوال میں بھی سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 1 کروڑ روپے، چنیوٹ میں پروٹو ٹائپ جمنیزیم کی تعمیر کے لئے 9 کروڑ اور سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک کروڑ، لاہور میں 27 کروڑ روپے کی لاگت سے رایفل شوٹنگ رینج، سٹیبلشمنٹ آف سینٹر آف ایکسیلنس، 9 تحصیلوں میں سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، اوکاڑہ میں تحصیل لیول پر ایک کروڑ روپے کی لاگت سے سکولز کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، ساہیوال میں 21 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئمنگ پول اور پروٹو ٹائپ جمنیزیم کی تعیمر، پاک پتن میں 9 کروڑ روپے کی لاگت سے پروٹو ٹائپ جمنیزیم کی تعمیر، بہاولنگر میں ہارون آباد کے مقام پر ایک کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 20 لاکھ روپے جبکہ ڈی جی خان میں 2 کروڑ 30 لاکھ روپے سے سپورٹس سٹیڈیم کی تکمیل اور ان ڈور جمنیزیم، باسکٹ بال اور لان ٹینس کورٹ کی تزئین و آرائش و مرمت شامل ہیں۔
Post New Comment