لندن میں پاکستانی ہائی کمیشین میں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے واجد شمس الحسن نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہیں میچ فکسنگ کے معاملے میں دانستہ طور پر پھنسایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے آج کھلاڑیوں سے کوئی تفتیش نہیں کی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو معطل نہیں کیا گیا، وہ رضا کارانہ طور پر خود ہی ٹیم سے علیحدہ ہوئے ہیں۔ شمس الحسن نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسے عمران خان نے ایان بوتھم کے خلاف مقدمہ جیتا تھا ویسے ہی ہم بھی سرخرو ہوں گے۔ واجد شمس الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے کھلاڑیوں کی ہر طرح سے مدد کرنا ہائی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
Post New Comment