ملتان (رپورٹ رضیہ بیگ سے‘ تصویر شہزاد نصیر) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے الیکشن جیتنے کے بعد اپنے حلقے کی خبر تک نہ لی بلکہ وہ اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کرنے بھی نہ آئے جس کا انہوں نے انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا۔ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ اپنے حلقے مےں بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں، ہم بھی اس شہر کے باسی ہےں جو آپ کا شہر ہے۔ حلقہ 151 این اے کے مکینوں ارشد بوسن، مہر اشرف اور قاسم بوسن نے نوائے وقت فورم میں بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے حلقہ 151 میں وزیراعظم نے بوائز اور ڈگری گرلز کالجز بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ حلقے مےں پرائمری اور مڈل گرلز سکول ہیں ہائی سکول کوئی نہیں جبکہ لڑکوں کیلئے ڈگری کالج نہ ہونے سے متعدد لڑکے تعلیم کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ لڑکیاں مڈل کے بعد گھروں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں بیشتر والدین شہر بھجوانے کیلئے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اور وزیراعظم کی توجہ کے منتظر ہیں۔ ذوالقرنین، اسحاق اور ملک وزیر نے بتایا چار سال قبل محکمہ ہیلتھ نے زمینی پانی کا لیبارٹری ٹیسٹ کرایا تو پانی میں ہیپاٹائٹس کے جراثیم پائے گئے محکمہ صحت کی رپورٹ پر ہر حلقے میں صاف پانی کے پلانٹ لگائے گئے جو عرصہ 1½ سال گزرنے کے باوجود چالو نہ ہو سکے۔ آج بھی وزیراعظم کے حلقے میں ہیپاٹائٹس کا مرض عام ہے۔ ملک گل محمد‘ ندیم بوسن اور احمد یار نے بتایا وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ یونیورسٹی سے اڈا بند بوسن تک ڈبل سڑک بنوائیں گے وزیراعظم یہ وعدہ بھی بھول گئے الیکشن میں ان کا مدمقابل چونکہ بوسن فیملی سے تھا اس لئے یہاں بنیادی سہولیات اور ڈبل سڑک کی تعمیر تو کجا پرانی سڑک کی مرمت بھی نہ کرائی۔
Post New Comment