ملتان/ مظفرگڑھ (وقائع نگار/نامہ نگا) سعودی شہزادے ولید بن طلال بن عبدالعزیز ان کی اہلیہ اور پاکستان میں سعودی سفیر گزشتہ روز خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے ملتان پہنچے۔ وزیراعظم گیلانی ان کی اہلیہ صاحبزادی بھی خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان آئے انہوںنے ضلع مظفر گڑھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا بذریعہ ہیلی کاپٹر فضائی جائزہ لیا اور بعدازاں واپڈا گرلز ہائی سکول مظفر گڑھ میں متاثرین سیلاب سے خطاب بھی کیا اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ ہمارے دکھ درد میں شریک رہا ہے ہم کنگ عبداللہ کے خاص طور پر ممنون ہیں کہ انہوں نے سعودی عوام سے فنڈز جمع کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سعودی شہزادہ ولید بن طلال نے کہا کہ سعودی عوام ہر مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ رہے ہیں پاکستان میں جو تباہی آئی ہے ہمیں امید ہے کہ مسلم امہ اور بین الاقوامی برادری آگے بڑھے گی اور پاکستان کی بھرپور مدد کرے گی۔ انہو ں نے کہا کہ یہ وقت ریسکیو کا ہے اس کے بعد کے مراحل جن میں بحالی شامل ہے سعودی عرب بھرپور مدد کرتا رہے گا سعودی شہزادے ولید بن طلال اور ان کی اہلیہ متاثرین خواتین کے پاس بھی گئے اور انہیں یقین دلایا کہ سعودی حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ وزیراعظم نے مظفر گڑھ میں خطاب کے موقع پر مقامی صحافیوں کو بھی پروگرام میں شرکت کی اجازت نہ دی گئی اورصحافیوں کو تحویل گیٹ سے واپس کر دیا گیا۔
Post New Comment