پاکستان پر حملہ کی دھمکیاں دینے والے آج خود مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں: شاہ محمود

ـ 9 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

ملتان (نمائندہ نوائے وقت + ایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان پر حملہ کی دھمکیاں دینے والی قوتیں آج خود مذاکرات کی دعوت دے رہی ہیں۔ ہم قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کیا جائے گا۔ آبائی حلقہ این اے 148 میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پانی کے مسئلہ پر مذاکرات کریں گے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے بھاشا ڈیم سمیت متعدد چھوٹے ڈیمز کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کراچی دھماکوں کے واقعات کے باوجود حکومت اس بات پر اٹل ہے کہ ان دہشت گردوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ حکومت کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر توجہ دے رہی ہے۔ صدر زرداری کی کوشش ہے کہ چین کی معاونت سے کپاس اور دھان کے ایسے بیج تیار کئے جائیں جس سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو اور کاشتکار منافع بخش فصلیں اٹھا سکیں۔ انہوں نے پنجاب کی تقسیم کا بیان دینے پر مخدوم جاوید ہاشمی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی اپنی پارٹی کے سربراہ میاں نواز شریف کی پالیسی کے برعکس بیان دے رہے ہیں ایم ڈی اے کے 70 کروڑ روپے کے فنڈز لاہور منتقل ہونے کا واویلا کر کے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر ہی عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ جاوید ہاشمی خود ملتان کے اس حلقہ کے ایم این اے ہیں جس میں ایم ڈی اے آتا ہے اور ملتان شہر کے ترقیاتی فنڈز کی لاہور منتقلی کا اعتراف دراصل پنجاب حکومت کی نہیں بلکہ جاوید ہاشمی کی نااہلی ہے کہ وہ پنجاب میں اپنی پارٹی کی حکومت کے باوجود ملتان کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہی نہیں کر سکے۔ جاوید ہاشمی کے ان بیانات سے اندازہ کر لیں کہ انکی قیادت ان پر اور وہ ان پر کتنا اعتماد کرتے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے پنجاب حکومت کے افسروں پر دھونس ڈال کر پچھلے دنوں مخدوم رشید میں اس کالج کا افتتاح کیا جو انہوں نے ضلعی نظامت میں نہ صرف بنوایا بلکہ اس کی کسی اور جگہ منتقلی کے حکومتی فیصلے کو تبدیل کرایا۔ آج جاوید ہاشمی جس طرح ملتان شہر کا دفاع کر رہے ہیں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ”گلشن کا خدا حافظ“ جاوید ہاشمی اپنی قیادت پر اعتماد نہیں کر رہے تو وہ عوام کے مسائل کیا حل کرینگے۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل 76 کوٹھے والا میں سوئی گیس سمیت سڑکوں کے 5 منصوبہ جات کا افتتاح کیا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter