لاہور( معین اظہر سے ) حکومت پنجاب نے اضلاع میں اراکین اسمبلی کی کمیٹیاں بنا کر ان کو تبادلوں ، تقرریوں ، اور دیگر سرکاری معاملات ان کی نگرانی مین دینے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ سینئر مشیرسردار ذوالفقار کھوسہ کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی نے کیا ہے اور اس کو حتمی منظوری کے لئے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوادیا گیا ہے۔ ان کمیٹیوں کو ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کا نام دیا جائے گا ضلع کا ڈی سی او ، ڈی پی او اس کے ممبران ہر ضلع کے 6 سے 8 ایم پی اے اس کے ممبر ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے اس سال جولائی میں ایک کمیٹی بنائی تھی جس کے چیرمین خود وزیر اعلی پنجاب تھے جبکہ ممبران میں سردار ذوالفقار خان کھوسہ ، راجہ ریاض احمد ، رانا ثناءاللہ ، تنویر اشرف کائرہ ، مجتبی شجاع الرحمان ، محمد اشرف خان سوہنا ، جہانزیب برکی ، زعیم حسین قادری، ہوم سیکرٹری ، ائی جی اور سیکرٹری شامل تھے۔ اس کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں سردار ذوالفقار خان کھوسہ کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے تبادلوں کے حوالے سے اپنی سفارشات دینی تھیں جس پر راجہ ریاض احمد ، رانا ثناءاللہ ، تنویر اشرف کائرہ ، مجتبی شجاع الرحمان ، اور محمد اشرف خان سوہنا ، سیکرٹری سروسز، اور دیگر افسران شامل تھے ۔ اس کمیٹی نے جو سفارشات وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹیاں بنائی جائیں جس مین ممبران اسمبلی جن کی تعداد 8 تک ہو سکتی ہے اور ڈی سی او اور ڈی پی او اس کے ممبران ہونگے۔ پہلے سال سنیر ترین رکن اسمبلی کو اس کا سربراہ بنایا جائے گا۔اس کمیٹی اضلاع میں ہونے والی تمام پوسٹنگ ٹرانسفر کو مانیٹر کرے گی ۔ اور اس کی منظوری دے گی جو نئی ٹرانسفر پالیسی بنائی جائے گی تمام تبادلے اس کے مطابق ہونگے۔ڈسٹرک کوارڈنیشن کمیٹی پنجاب کوارڈنیشن کمیٹی کے ساتھ رابطے میں رہے گی ۔ اس کے علاوہ صوبے کی سطح پر بھی اراکین اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی جو محکمہ قانون کے ماتحت ہوگی ۔ اور یہ صوبے کی سطح پر تبادلوں کو چیک کرے گی۔
Post New Comment