لاہور (نمائندہ خصوصی) ہال روڈ پر زیتون پلازہ مےں ہونے والے دھماکوں کی تفتیش کےلئے پولیس اور حساس اداروں پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہےں جنہوں نے گذشتہ روز باقاعدہ تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے موقع کا دورہ کیا، پانچ مشکوک افراد کو حراست مےں لے کر تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہال روڈ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی ذمے دار انتظامیہ اور پولیس ہے جنہوں نے مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جس کے باعث واقعہ پیش آیا ہے دہشت گردوں کی جانب سے تاجروں کو بار بار دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں مگر سکیورٹی اداروں نے پیشگی انتظامات نہیں کئے، ان دھماکوں کی سی آئی اے سول لائن، سی آئی اے کی انسداد دہشت گردی سیل اور حساس ادارے کی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے، حساس ادارے کی دو علیحدہ علیحدہ ٹیموں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مزید شواہد جمع کئے۔ واضح رہے کہ ایک تنظیم نے ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکیاں دینا شروع کر دی ہےں یہ تنظیم دھماکے کرنے سے کچھ دیر قبل آگاہ کر دیتی ہے، اسی تنظیم کی جانب سے پہلے بھی ہال روڈ کے تاجروں کو ہال روڈ پر فحش سی ڈیز کی فروخت بند نہ کرنے پر موبائل فون اور خطوط کے ذریعے دھمکیاں دی گئی تھیں۔ حساس ادارے کی ٹیم اور سی آئی اے پولیس نے ہال روڈ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھ کر چند مشکوک افراد کے خاکے بھی تیار کئے ہےں جنہیں جلد منظرعام پر لایا جائے گا تاکہ ان افراد کی شناخت ہو سکے کہ کیا یہ دہشت گرد ہےں یا ان کے ساتھی۔
Post New Comment