وسائل کی تقسیم کیلئے وزیراعظم مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائیں : شہباز شریف

ـ 28 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ہم کسی صورت میں اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال خصوصاً بحالی کے عمل میں صوبوں کے کردار اور وسائل کی تقسیم کے ضمن میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں وزیراعظم کو خط بھیجا ہے۔ اجلاس میں وفاقی حکومت سے پوچھیں گے کہ بیرون ملک سے کتنے فنڈز آئے۔ سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے لئے آپ کے پاس کیا پروگرام ہے‘ صوبوں کو اس امداد سے کتنے فنڈز ملے اس حوالہ سے میری وزیر اعلیٰ سرحد امیر حیدر ہوتی سے بھی فون پر بات ہوئی ہے جو میرے ساتھ متفق ہیں۔ نوازشریف کی موجودگی میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے اجلاس میں وزیراعظم نے اتفاق کیا تھا کہ صوبوں سے مل کر پیشرفت کریں گے‘ ہمارا مطالبہ ہے کہ این ڈی ایم اے کے فیصلوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ ہم متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے عیدالفطر سے قبل انہیں 20 ہزار روپے کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ متاثرین کے مطابق ان کے گھروں کی تعمیر سب سے بڑا مسئلہ ہے‘ سیلاب زدگان کی فوری امداد کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے‘ ہم نے متاثرین کی امداد کے لئے ضلعی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں‘ بلاتاخیر سروے کر کے نقصانات کا تخمینہ پنجاب حکومت لگا رہی ہے‘ متاثرین کی بحالی کے لئے ترقیاتی فنڈز کی رقوم استعمال کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف مشترکہ مفادات کونسل کے حوالے سے دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مشاورت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ایوان وزیر اعلیٰ میں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال پر مشاورتی اجلاس میں بتایا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال میں تمام جانوروں کی ویکسی نیشن کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ 85 لاکھ ایکڑ کے قریب رقبہ کو نقصان پہنچا جو بہت بڑا نقصان ہے‘ کاٹن‘ گنا اور مونگ کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا‘ ہم زمینوں کی بحالی اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالہ کے لئے بہت سے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ زراعت کو ہونے والے نقصان اور متاثرین کی بحالی کے عمل کے لئے خصوصی سروے کرائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions