لاہور (خبرنگار) واسا ڈرینج ڈائریکٹوریٹ کے 180ملازمین نے 5سالہ ملازمت کے بعد مستقل کرنے کی بجائے نکالے جانے پر پریس کلب کے باہر مسلسل 5گھنٹے شدید گرمی مےں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی، ڈائریکٹر ڈرینج ڈائریکٹوریٹ افتخار الدین نعیم کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ملازمت مستقل کئے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ 5سال قبل ڈرینج ڈائریکٹوریٹ مےں بھرتی ہوئے تھے اسی وقت ان سے ”پارٹی“ کا سوال نہیں کیا گیا لیکن اب مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے بھجوائے گئے 180افراد کو 5سالہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اراکین اسمبلی نے بھرتی کروانے کےلئے رقم وصول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقل کرنے کی بجائے مسلم لیگیوں کو 5سالہ کنٹریکٹ پر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل ہمارا ساتھی ڈرائیور ریاض مشین سے نالے مےں گر کر ڈوب کر ہلاک ہوگیا تھا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاض کی موت مےں اصل غلطی ریاض کی نہیں ایکسیئن افتخار الدین نعیم کی تھی مگر ابھی تک ریاض کے ورثاءکو ایک پیسے کی امداد نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ کے باہر بھی مظاہرہ کریں گے۔
Post New Comment