لاہور: حلقہ 160 میں ضمنی الیکشن کل ہو گا‘ 56پولنگ سٹیشن حساس قرار‘ رینجرز طلب

ـ 23 جون ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبر نگار+سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے حلقہ پی پی 160 میں کل ہونے والے ضمنی الیکشن کے موقع پر رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پولنگ سٹیشنوں پر پولیس سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہو گی‘ 145 پولنگ سٹیشنوں میں سے 56 کو حساس قراردے دیا گیا ہے جہاں میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے جائیں گے۔ مقامی تعطیل کے لئے انتظامیہ کو لکھ دیا گیا ہے‘ صوبائی دارالحکومت کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال کی بی اے کی ڈگری جعلی ثابت ہونے کے بعد ان کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کی دو کمپنیاں آج سے علاقے میں گشت شروع کر دیں گی۔ تقریباً ہرپولنگ سٹیشن پر 30 کے لگ بھگ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکار۔ سول ڈیفنس رضاکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔ پی پی 160 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار 933 ہے جس میں سے ایک لاکھ 6 ہزار 890 مردانہ اور اکیاسی ہزار 43 ووٹ زنانہ ہیں۔ ان پولنگ سٹیشنوں پر 145 پریزائیڈنگ افسران‘ 314 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمشن انتخابی مٹیریل آج انتخابی عملے کے حوالے کر دے گا۔ پی پی 160 میں کھوکھر برادری کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سیف الملوک‘ تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر اور جماعت اسلامی کے امیدوار جہانگیر بارا کھوکھر کے درمیان ہے۔ حلقے کے امیدواروں کی انتخابی مہم گذشتہ رات 12 بجے ختم ہو چکی ہے۔ شہری اور دیہی ووٹرز پر مشتمل اس حلقے کو جاتی عمرہ کی ہمسائیگی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس حلقے میں جاٹ‘ کھوکھر‘ گجر‘ بھٹی‘ رانا اور وڑائچ برادری کا بڑا اثر و رسوخ ہے تاہم پارٹی ووٹ کے تناسب سے (ن) لیگ کے امیدوار کو باقی پر سبقت حاصل ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions