لاہور (سٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ) قلعہ گجر سنگھ پولیس نے عدلیہ کے فیصلے کیخلاف اور پتلے نذر آتش کرنے پر رجسٹرار سپریم کورٹ کی درخواست پر پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب‘ پیپلزپارٹی لاہور کے صدر چودھری اصغر‘ خواتین ارکان صوبائی اسمبلی ساجدہ میر‘ فائزہ ملک ‘سمیع اللہ خان‘ عزیز الرحمن چمن‘ عثمان ملک اور زکریا بٹ سمیت 250کارکنوں کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ان افراد کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے پیپلزپارٹی پنجاب اور لاہور کے اعلیٰ عہدیداروں اور پارٹی کی 2خواتین ارکان صوبائی اسمبلی سمیت 250کارکنوں کیخلاف مقدمے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت اور اظہار رائے پر قدغن قرار دیا ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب نے اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجدہ میر نے کہاکہ ٹی وی فوٹیج دیکھ لیں ہم نے نعرے لگائے ہیں اسکا یہ مطلب نہیں کہ ہم پر کیس درج کر لیا جائے اگر یہ بات ہے تو ملتان میں صدر کے پتلے کو نذر آتش کرنیوالوں کو بھی بند کیا جائے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض نے کہاکہ اس معاملے میں جلد بازی کی کوئی ضرورت نہیں اپنے قانونی ماہرین اور سینٹرل ایگزیکٹو کے مشورے سے لائحہ عمل مرتب کرینگے اس معاملہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی بات کرونگا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب احمد نے کہا کہ ہمارے کارکن اپنی قیادت پر تنقید برداشت کر سکتے ہیں نہ وہ مقدمات سے گھبراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی کارکنوں پر مقدمے کی یہ غالباً پہلی مثال ہے۔ پی پی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سمیع اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عثمان ملک نے کہاکہ ہمارے کارکن ایک فیصلے کیخلاف احتجاج کر رہے تھے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری فنانس اورنگزیب برکی نے کہا کہ شریف برادرن کا وزیر اعظم سے رائیونڈ میں ملاقات کے بعد250کارکنوں پر مقدمہ درج کر کے پکڑ دھکڑ شروع کرنے کا تحفہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اصغر،نائب صدر احسان گنجیال،اظہر مغل اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ ہم مقدمات سے گھبرانے والے نہیں بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے منتخب صدر آصف زرداری کے پتلے نذر آتش کئے جا سکتے ہیں تو پھر کوئی ہمارے کارکنوں سے خیر کی توقع نہ کرے۔ علاوہ ازیں مقدمے کیخلاف پی پی پنجاب کی طرف سے آج (منگل) پنجاب اسمبلی کے قریب واقع ہائیڈرو پارک میں ہنگامی پریس کانفرنس کئے جانے کے امکان ہے جس میں رانا آفتاب‘ سمیع اللہ خان اور دیگر رہنما پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے 504‘ 506‘ 500‘ 290 ‘ 291اور 16ایم پی او کے تحت پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کیخلاف مقدمات درج کئے ہیں۔این این آئی کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد توہین عدالت کرنےوالے پیپلز پارٹی کے لوگوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہےں اگر ماضی مےں توہین عدالت کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اب بھی نہ کئے جائیں۔ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ جو مقدمات درج کئے گئے ہےں ان مےں سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی بھی ہدایات ہےں لیکن مجھے اس بارے معلوم نہیں۔ علاوہ ازیں پےپلز پارٹی لاہور کے صدر اصغر گجر، ملک اظہر علی مغل و دےگر رہنماﺅں نے مقدمہ کے اندراج پر شدےد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو جنگ پنجاب حکومت نے شروع کی ہے اس کا اختتام اچھے انداز مےں نہےں ہوگا ہم جےلوں مےں جانے کےلئے تےار ہیں پےپلز پارٹی کے کارکن گرفتاری سے نہےں ڈرتے۔
Post New Comment