لاہور (نامہ نگار) مہنگائی و اخراجات سے تنگ آ کر غربت کی ماری ماں نے اپنے پانچ بچے پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں فروخت کیلئے پیش کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور ہزارہ کے رہائشی شہزاد ملک کی بیوی صائمہ جوکہ اپنے پانچ بچوں کے ہمراہ کھوکھر روڈ بادامی باغ میں ایک فیکٹری میں مقیم ہے، گذشتہ روز اپنے 5 بچوں ڈیڑھ سالہ فیضان، 3 سالہ مسکان، ساڑھے 4 سالہ زینب، 8 سالہ رمشا اور 13 سالہ بلال کر لے کر پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں فٹ پاتھ پر بیٹھ گئی اور اپنے پانچوں بچوں 3 بیٹیوں و 2 بیٹوں کو فروخت کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا بچوں کے دودھ اور کھانے کیلئے خوراک نہیں، محنت مزدوری کرنے کے باوجود ہم بچوں کی پرورش نہیں کر سکتے۔ میرے پانچوں بچے برائے فروخت ہیں۔ وزیراعلیٰ سے مدد کی اپیل ہے۔ صائمہ شہزاد نے کہا کہ ہم بہت غریب لوگ ہیں اور بچوں کا خرچہ نہیں اٹھا سکتے اس لئے انہیں فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ اس کا خاوند کہاں ہے تو صائمہ نے کہا کہ وہ طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹر کے پاس دوائی لینے اور داتا دربار بچوں کیلئے کھانا لینے گیا ہے۔ دریں اثناءایک نجی ٹی وی کے مطابق فروخت کیلئے پیش کئے جانیوالے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے لے لیا۔
Post New Comment