لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں پروفیشنل گروپ کے میاں قدوس بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہو گئے‘ انہوں نے 3,091 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم اور پیپلز لائیرز فورم کے مشترکہ امیدوار خواجہ محمود احمد نے 1675، خاور اکرام بھٹی نے 452، سید منظور گیلانی نے 155 اور معظم اقبال گل نے 14 ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدر کی سیٹ پر میاں شاہ عباس 2813 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل امیدواروں بابر خلجی نے 1261 اور عابد منہاس نے 1246 ووٹ حاصل کئے۔ سیکرٹری کی سیٹ پر بابر مرتضی نے 2696 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مخالف امیدواروں اویس توصیف نے 1464 اور چودھری ارشد نے 175 ووٹ حاصل کئے۔ اسی طرح فنانس سیکرٹری کی سیٹ کےلئے راجہ ساجد حنیف نے 2136 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں محمد اعظم نے 1995 اور مہر عابد نے 1144 ووٹ حاصل کئے۔ الیکشن میں کل 5398 ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ ادھر نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا اور احاطہ ہائیکورٹ میں زبردست جشن منایا۔ انہوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا اور مٹھائی بھی تقسیم کی‘ یہ جشن کئی گھنٹے جاری رہا۔ دریں اثناءنومنتخب صدر میاں قدوس‘ نائب صدر میاں شاہ عباس‘ سیکرٹری بابر مرتضی اور فنانس سیکرٹری راجہ ساجد حنیف نے احاطہ ہائیکورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدلیہ کے خلاف تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہر مشکل وقت میں عدلیہ کے ساتھ ہیں۔ عدلیہ کی مضبوطی کے لئے محافظوں کا کردار ادا کریں گے۔
Post New Comment