لاہور (خصوصی رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ غیر ملکی شدت پسند تنظیمیں پاکستان میں تخریب کاری کر رہی ہیں‘ منموہن کی طرف سے کشمیری قیادت کو مذاکرات کی دعوت مقبوضہ کشمیر میں جاری تشدد کی حالیہ لہر سے بچنے کے لئے ہے‘ بھارت مخلص ہے تو مقبوضہ کشمیر سے 8 لاکھ فوج باہر نکالے‘ گن پوائنٹ پر دی گئی مذاکرات کی دعوت قبول نہیں کی جا سکتی‘ وہ گذشتہ روز جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مرد و خواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ حافظ سعید نے مزید کہا کہ امن کے ٹھیکیدار امریکہ اور اس کے اتحادی ایک طرف نہتے مسلمانوں پر ڈرون حملے‘ میزائل اور بمباری کرتے ہیں‘ دوسری طرف مذہبی بنیادوں پر قائم تنظیموں کو مسلم خطوں میں مسلمانوں کے قتل عام کے لئے داخل کر رکھا ہے‘ بیرونی قوتیں پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے اور خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں مسلمان آزمائشوں سے نہ گھبرائیں اور اللہ کے دین کی دعوت دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے ڈٹے رہیں‘ علاوہ ازیں حافظ سعید نے جامعہ نعیمیہ کے مہتمم پروفیسر راغب نعیمی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کے والد سرفراز نعیمی کے سانحہ عظیم پر اظہار افسوس کیا جبکہ جماعۃ الدعوۃ کے رہنما عبدالرحمن مکی کی قیادت میں 7 رکن وفد نے جامعہ نعیمیہ جا کر پروفسر راغب نعیمی سے ملاقات کی اور عظیم سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
Post New Comment