لوڈ شیڈنگ جاری‘ لاہور سمیت 6 شہروں میں سی این جی سٹیشن آج اور کل بند رہینگے

ـ 20 دسمبر ، 2009
  • Adjust Font Size

لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + کامرس رپورٹر + نمائندہ خصوصی) محکمہ سوئی گیس کے لوڈ مینجمنٹ پلان کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں آج صبح 6 بجے 750 سی این جی سٹیشن دو دنوں کےلئے بند ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن اور شیخوپورہ میں سی این جی سٹیشن منگل کی صبح 6 بجے دوبارہ کھلیں گے تاہم گذشتہ شب لاہور کے مختلف علاقوں میں سی این جی سٹشنوں پر معمول سے زیادہ رش دیکھنے میں آیا اور عوام کی اکژیت اپنی گاڑیوں کے سی این جی ٹینک فل کراتی نظر آئی۔ سوئی گیس کے چیف سیلز آفیسر ریحان نواز نے بتایا کہ سر دی میں اضافے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو گیس کی سہولت کے لئے صنعتی اور تجارتی صارفین کو گیس کی سپلائی عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن پنجاب کے چیئرمین کیپٹن (ر) راجہ شجاع نے کہا ہے کہ گیس بند ہونے کی وجہ سے لاہور ریجن کے 750 سی این جی سٹیشن جن میں لاہور شہر کے 273 سی این جی سٹیشن شامل ہیں اتوار سے 2 دنوں کے لئے کاروبار بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیس بند کرنے کے خلاف سی این جی ایسو سی ایشن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے جبکہ گیس لوڈ مینجمنٹ گوجرانوالہ نے لوڈ اور پریشر کی کمی کے باعث ریجن بھر کی 850 فیکٹریوں کو گیس سپلائی مکمل طور پر منقطع کر دی ہے جبکہ پریشر شدید کم ہونے کے باعث گھریلو صارفین بھی شدید دشواری سے دوچار ہیں۔ جبکہ ملک میں گذشتہ روز بجلی کی قلت کا حجم ایک ہزار میگاواٹ رہا جسے پورا کرنے کے لئے چھوٹے شہروں اور دیہات میں 6 گھنٹے اور شہروں میں 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ دریں اثناءلیسکو کے ترجمان نے بجلی کے زائد بل بھجوانے پر ایس ڈی او گلشن راوی کے خلاف احتجاج کے بارے میں کہا ہے کہ گلشن راوی ڈویژن میں اکژ صارفین میٹر ریڈروں کی ملی بھگت سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں انہیں ڈی ٹیکشن بل جاری کئے گئے۔ جن صارفین نے پچاس فیصد بل کی ادائیگی کر دی ان کے معاملات نظرثانی کے لئے مینجر آپریشن ناردرن سرکل کے سپرد کر دئیے گئے۔ گذشتہ روز جمعہ کو بلوں پر نظرثانی کے لئے جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہو رہا تھا کہ بعض صارفین نے جائزہ کمیٹی پر دباﺅ ڈالنے کے لئے ناروا احتجاج کیا لیکن مینجر آپریشن ناردرن سرکل نے تمام فیصلے میرٹ پر کئے جبکہ گلشن راوی ڈویژن کے دائرہ کار میں 6 میٹر ریڈرز کو معطل اور ایک اسسٹنٹ لائن مین کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions