لاہور (سٹاف رپورٹر) پی ٹی سی ایل ملازمین نے متحدہ ورکرز اتحاد کے مرکزی رہنما حسن محمد رانا کی قیادت میں چوتھے روز بھی لاہور سمیت پورے پاکستان میں ملک گیر ہڑتال کی۔ گذشتہ روز گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ، حیدر آباد، نوابشاہ، کراچی اور دیگر شہروں میں پی ٹی سی ایل ملازمین نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں جبکہ سی ٹی ایچ بلڈنگ لاہور میں متحدہ ورکرز الائنس کے رہنماﺅں حسن محمد رانا، ملک مقبول، عماد الحسن قریشی، غلام صابر بٹ، رانا صابر، اسلم ساجد، اعجاز علی مرتضائی، حافظ لطف اللہ، خالد بشیر اور ملک وزیر کی قیادت میں ہزاروں ملازمین نے دھرنا دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حسن محمد رانا نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم مداخلت کرکے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ، 10 سال سے روکی گئی پروموشن بحال، NCPG ملازمین کو ریگولرائز، عید بونس اور دیگر مطالبات منظور کرائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔ ادھر پی ٹی سی ایل کے ایس ای وی پی کمرشل نوید سعید نے کہا کہ انتظامیہ نے ملازمین کی تنخواہ میں50 فیصد اضافہ سمیت متعدد ترغیبات دینے کی پیشکش کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے تحت پی ٹی سی ایل کے نان مینجمنٹ ریگولر سٹاف کی تنخواہ میں ابتدائی بنیادی سکیل میں 50 فیصد تک جبکہ افسران کی تنخواہ میں کارکردگی کی بنیاد پر اضافہ کیا گیا ہے۔ کمپنی دسمبر2010ءسے جون 2011ءتک کے چھ ماہ کی کارکردگی کی بنیاد پر بھی تنخواہوں مےں اضافہ کریگی۔ پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے عید بونس دینے اور 12سال کی سروس والوں کو اگلے سکیل میں ترقی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی سی ایل انتظامیہ کا موقف ہے کہ بعض عناصر اپنے مخصوص مفادات کے لئے ملازمین کو احتجاج پر اکسا رہے ہیں اور ملک مےں سیلاب سے بحرانی کیفیت کو استعمال کر رہے ہیں مگر انتظامیہ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ دوسری جانب پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے ملازمین کو ماہ اگست 2010ءکی تنخواہ اور بونس کی ادائیگی روکنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ان دونوں ادائیگیوں کو متعلقہ ریجن کے سینئر منیجر اور جنرل مینجر ایچ آر کی تصدیق شدہ رپورٹ برائے حاضری و فرائض کی بجاآوری سے مشروط کر دیا ہے۔ ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ہیومن ریسورس محمد بلال کی طرف سے تمام ریجنوں کو بھیجی گئی ای میل میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایس ایم اور جی ایم سے تصدیق شدہ ملازمین کی فہرستیں جی ایم افرادی قوت ادریس بھٹی کو بھجوائیں جو ان ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں گے۔
Post New Comment