لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائےکورٹ بار اےسوسی اےشن کے سالانہ انتخابات برائے 2010-2011ءکل ہفتے کے روز منعقد ہوں گے جس مےں 11171 ووٹر زاپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نئے عہدیداروں کا چناﺅ کرےں گے۔ پولنگ صبح نوبجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی جس مےں دوپہر اےک بجے سے دو بجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہو گا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے ووٹرز اور امیدواروں کے لیے بھی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ پولنگ کے لیے پانچ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ انتخابات میں صدارت کے عہدہ کے لئے 4، نائب صدارت کے عہدہ کے لئے 3، سیکرٹری کے عہدہ کے لئے 4 اور فنانس سیکرٹری کے عہدہ کے لئے 3 امیدوار سامنے آئے ہیں۔صدر کے عہدہ کے لئے خاور اکرام بھٹی، خواجہ محمود احمد، میاں عبدالقدوس اور منظور گیلانی کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ اس عہدہ پر پیپلز لائرز فورم اور وکلا اتحادکی طرف سے مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کے مرکزی صدر اور صدارتی امیدوار خواجہ محمود احمد کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ خاور اکرام بھٹی کا تعلق بھی مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ اس طرح حامد خان کے پروفیشنل گروپ کی طرف سے میاں عبدالقدوس کوصدارتی امیدوار کے طور پر سامنے لایا گیا ہے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں حامد خان کے پروفیشنل گروپ کے امیدواروں کو شکست ہونے کے بعد اس مرتبہ ہونے والے الیکشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ استقلال پارٹی کے سربراہ اور دیگر گروپوں کے حمایت یافتہ سید منظور گیلانی ہیں نائب صدر کے عہدے کے لئے تین امیدوار مدمقابل ہیں جن میں بابر خلجی جو پہلے بھی نائب صدر کے لئے دو مرتبہ الیکشن لڑ چکے ہیں‘ ان کے علاوہ عابد منہاس اور میاں شاہ عباس بھی مقابلے پر ہیں۔ سیکرٹری کے عہدے کےلئے بھی چار امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ جن میں مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے حمایت یافتہ امیدوار بابر مرتضی کے علاوہ اویس توصیف رانا‘ چودھری ارشد حسین اور میاں وسیم بھی امیدوار ہیں جن میں میاں وسیم پہلے بھی سیکرٹری کے عہدے کےلئے الیکشن لڑ چکے ہیں جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے کےلئے تین امیدواروں میں میاں اعظم، راجہ ساجد حنیف اور مہر عابد حنیف کے نام شامل ہیں۔ ایک طویل عرصہ کے بعد فنانس سیکرٹری کے عہدہ پر کوئی خاتون امیدوار سامنے نہیں آئی ہے۔
Post New Comment