لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو کی چھاپہ مار ٹیم نے قواعد کے برعکس گیس سے بجلی بنا کر لیسکو سے کروڑوں روپے ماہانہ وصول کرنے والی 2 بڑی ملیں پکڑ لیں۔ ذرائع کے مطابق لیسکو ٹیموں نے کوہ نور ملز مانگا روڈ رائے ونڈ‘ شادمان ٹیکسٹائل ملز واربرٹن روڈ معاہدے کے خلاف فرنس آئل کی بجائے گیس سے بجلی پیدا کر کے لیسکو سے ماہانہ کروڑوں روپے وصول کر رہی تھیں جبکہ گیس استعمال کرنے سے انکی لاگت 4 گنا کم ہو جاتی ہے۔ لیسکو کے اہلکار جب مذکورہ ملوں میں پہنچے تو انتظامیہ نے چیکنگ سے روکا اور ڈرایا دھمکایا۔ جس پر چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ایس ای سیکنڈ سرکل انجینئر ضیاء لطیف اور ایکسیئن ایم اینڈ ٹی مجاہد الاسلام بلا کو ہدایات دیں جس پر مذکورہ افسروں نے سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ فیکٹریوں کی چیکنگ کی جہاں کرپشن کا پتہ چلا۔ اس معاملے میں لیسکو کے اہلکار بھی ملوث ہیں۔ اس بارے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر اظہر اقبال نے بتایا اسی طرز پر مزید 12 کیپٹو پاور پروڈیوسرز کو چیک کرنے کیلئے ضیاء لطیف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کی ہدایت پر مذکورہ ملز کے خلاف ضروری کارروائی کی جائیگی۔
Post New Comment