لاہور میں آرمی کی جانب سے لگائے گئے چھبیس امدادی مراکز سے جمع ہونے والا امدادی سامان فورٹریس سٹیڈیم میں اکٹھا کیا گیا جہاں سے اسے اٹھارہ ٹرکوں میں لاد کر متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں آٹا، چینی، دالیں، چاول، چائے، پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ یہ امدادی سامان ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، کوٹ ادو اور لیہ کے متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر لاجسٹکس لاہور کور بریگیڈیر افتخار احمد نے کہا کہ امدادی سامان کے ٹرک سیلاب زدگان کے لئے قائم ملتان مرکز میں پہنچائے جائیں گے جہاں سے ضرورت کے مطابق سامان تقسیم ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے بعد سے عوام کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے گرم جوشی دیکھنے میں آئی ہے۔ آرمی ریلیف کیمپوں میں مخیر حضرات کی جانب سے اشیائے ضروریہ جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ امدادی اشیا جمع کرانے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے خاندان اور دوستوں کی طرف سے امدادی سامان کے تین ٹرک آرمی ریلیف کیمپ میں جمع کروائے۔ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ قوم کو سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مزید جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے۔
Post New Comment