تازہ ترین:

ایبٹ آباد آپریشن ....امریکی کارروائی کی اطلاع ملتے ہی آپریشنل اقدامات کئے : فضائیہ

ـ 12 جولائی ، 2011
  • Adjust Font Size

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ نے ایبٹ آباد آپریشن کے بارے میں تحقیقات کرنے والے کمیشن کو بتایا ہے کہ امریکی کارروائی کی اطلاع ملتے ہی طریقہ کار کے مطابق آپریشنل اقدامات کئے گئے۔ فضائیہ کے طیارے دو مئی کی صبح تک ایبٹ آباد کی فضاﺅں میں موجود رہے۔ تحقیقاتی کمشن کا دوسرا اجلاس پیر کوکابینہ ڈویژن کے کمیٹی روم میں ہوا۔ سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج جاوید اقبال نے کابینہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ کمشن کے تینوں ارکان کارروائی میں شامل تھے۔ تحقیقاتی کمشن کا آئندہ اجلاس اب اٹھارہ جولائی کو منعقد ہو گا۔ فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف ائر سٹاف ائر مارشل محمد حسن نے بیان ریکارڈ کرایا اور سوالات کے جواب دئیے جنہیں ریکارڈ کا حصہ بنایاگیا۔ انہوں نے فضائیہ کے راڈار نظام کی تفصیلات پر روشنی ڈالی انہوں نے ان حالات کی بھی نشاندہی کی جب جغرافیائی مشکلات کے باعث راڈارز فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے طیاروں یا ہیلی کاپٹرز کی نشاندہی کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔انہون نے بتایا کہ فضائیہ نے دو مئی سے قبل متعدد برسوں سے مغربی سرحد پر زمانہ امن میں نگرانی کی پوزیشن قائم رکھی ہوئی تھی۔ امریکی آپریشن کی اطلاع ملتے ہی طریقہ کار کے مطابق مناسب آپریشنل اقدامات کئے گئے۔ مستند ذرائع کے مطابق فضائیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ دو مئی کو جس وقت امریکی کمانڈوز نے اُسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کیلئے ایبٹ آباد میں آپریشن کیا گیا اس وقت مغربی سرحد کی نگرانی کیلئے راڈارز کام کر رہے تھے لیکن یہ راڈارز پوری مغربی سرحد کو کور نہں کرتے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ مشرقی سرحد جیسے خطرات کا مغربی سرحد پر سامنا نہیں ہے چنانچہ پاک افغان سرحد کے صرف چیدہ چیدہ مقامات کی مخصوص اوقات میں نگرانی کی جاتی ہے۔ نگرانی کیلئے ان مقامات کا انتخاب کیا جاتا ہے جہاں سرحد پار اتحادی فضائیہ مصروف کار ہوتی ہے۔ امریکی آپریشن سے قبل بھی پاکستانی راڈارز نے سرحد پار افغانستان کے علاقے میں امریکی فضائیہ کی نقل و حرکت نوٹ کی تھی جس کی تفصیلات بھی انہوں نے بتائیں۔ اس نقل و حرکت کے برعکس امریکی ہیلی کاپٹر غیر روایتی راستوں کے ذریعے پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے۔ غیر متوقع راستوں اور جدید امریکی ٹیکنالوجی کی بدولت فوری طور پر اس کارروائی کی اطلاع نہیں ہو سکی۔
ایبٹ آباد کمیشن

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions