لاہور میں بارش‘ نشیبی علاقے‘ سڑکیں ڈوب گئیں‘ لوڈ شیڈنگ کم نہ ہوئی

ـ 12 اگست ، 2009
  • Adjust Font Size

لاہور (کامرس رپورٹر + سٹی رپورٹر + نمائندگان) لاہور سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں موسلا دھار بارش اور گرمی کا زور ٹوٹنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کوئی کمی نہ آ سکی۔ لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے‘ سڑکیں ڈوب گئیں۔ لکشمی چوک‘ مزنگ‘ شاہراہ فاطمہ جناح‘ فیروزپور روڈ پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام‘ درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے ‘سمن آباد میں 12 گھنٹے بجلی بند‘ لوگوں نے لیسکو آفس کا گھیراؤ کر لیا‘ بارش کے بعد شدید حبس ہو گیا ۔پیپکو حکام کے مطابق لاہور کے گرد سٹیشن اوور لوڈ ہونے کے باعث ہر گھنٹے بعد دو گھنٹے کے لئے بجلی بند کی جاتی رہی‘ انہوں نے بتایا کہ یہ صورتحال تین چار روز تک جاری رہے گی۔ صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ روز ایک بجے دوپہر اچانک گھنے بادل امڈ آئے اور ساون کی تیز ترین بارش ہوئی جو وقفے وقفے سے ایک گھنٹہ جاری رہی‘ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 منٹ میں 60 ملی میٹر بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجنوں فیڈر بند ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی‘ بارش سے شاہراہ فاطمہ جناح‘ فیروزپور روڈ‘ مزنگ چونگی‘ لکشمی چوک‘ ملتان چونگی‘ سنت نگر‘ برانڈرتھ روڈ سمیت نشیبی علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ بارش کے بعد شہر میں مطلع صاف ہو گیا اور دھوپ نکلنے سے حبس اور گرمی میں دوبارہ اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی اور شمال مشرقی پنجاب‘ بالائی سرحد اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا‘ معمول کی لوڈ شیڈنگ اور بارش کے باعث بجلی بند ہو جانے سے لاہور کے مختلف علاقوں اقبال ٹاؤن‘ مزنگ‘ اچھرہ‘ فیصل ٹاؤن‘ مغلپورہ‘ ملک پارک‘ بلال گنج میں پینے کا پانی بھی نایاب ہو گیا۔ علاوہ ازیں شدید لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھی صارفین کو لیسکو بھاری بل بھجوا رہا ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے‘ لیسکو ہیڈ کوارٹرز بجلی کا بل درست کرانے کے لئے آئے ہوئے شہری محمد یاسین نے بتایا کہ اس کے دو کمروں کے گھر کا بل 5 ہزار روپے آیا ہے‘ ایک اور شہری عبدالمجید نے بتایا کہ اسے 6300 روپے کا بل ملا ہے۔ دریں اثناء سمن آباد میں گذشتہ روز 12گھنٹے بجلی بند رہی‘ گرمی اور حبس کے ستائے لوگوں نے لیسکو آفس کا گھیراؤ کر لیا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions