لاہور (خبرنگار خصوصی/ خصوصی رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار/ سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نوازشریف نے ماڈل ٹاﺅن میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسی گھناﺅنی وارداتوں کے ذریعے بے گناہوں کا خون بہانے والے دہشت گرد دشمن کے ایجنڈے پر ہیں جو کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے امدادی کارروائیوں کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی جبکہ سیاسی‘ سماجی رہنماﺅں نے حساس اداروں کے دفاتر سمیت سرکاری تفتیشی مراکز شہری آبادیوں سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان‘ نوابزادہ منصور علی خان‘ مولانا فضل الرحمن‘ منور حسن‘ مولانا سمیع الحق‘ پروفیسر ساجد میر‘ رانا آفتاب احمد‘ سمیع اللہ خان‘ اسفند یار ولی‘ افراسیاب خٹک‘ سینیٹر سلیم‘ سیف اللہ‘ ہمایوں اختر‘ حامد ناصر چٹھہ‘ خورشید قصوری‘ صاحبزادہ فضل کریم‘ فہمیدہ مرزا نے اپنے الگ الگ بیانات میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی اظہار افسوس اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ خبرنگار خصوصی کے مطابق نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ارکان اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد اور خون کی فراہمی کا بندوبست کریں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے حفاظتی انتظامات میں خامیوں کو بھی دور کیا جانا چاہئے۔ پی ڈی پی کے سربراہ نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا کہ حکومت کے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کی ہم مذمت کرتے ہیں تاہم حکمران اور حکومت اپنی کوتاہیوں پر بھی قابو پائیں۔تحریک استقلال کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حنیف گورایہ نے کہا پنجاب حکومت لوگوں کے جان و مال کی حفاظت میں ناکام رہی ہے۔ سماجی رہنماﺅں میاں ریحان سلیم‘ عمیر نعمان معظم نے وفاقی اور پنجاب حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ حساس اداروں کے دفاتر شہری آبادیوں سے باہر منتقل کئے جائیں۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اس میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ ماضی کے واقعات کا تسلسل ہے جس کے تحت دشمن ملکی سلامتی کے درپے ہے‘ پوری قوم کو ملکر انکا مقابلہ کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔ جے یو آئی کے مر کزی امیرمولانا فضل الرحمن نے کہا کہ افسوس ناک بات ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ان حالات میں ارباب اقتدار کو ان عوامل پر غور کرنا چاہیے اور اس کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ جب تک حکمران امریکہ کے اثر سے آزاد ہو کر پالیسیاں ترتیب نہیں دیں گے‘ مسائل کم ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہی ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ قومی سطح پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جنگ اپنے ملک میں لڑنے سے امن وامان ہی نہیں معاشی طور پر بھی کمزور کیا ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب احمد اور سیکرٹری سمیع اللہ خان نے اسے وحشیانہ عمل قرار دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کو نہیں ڈرا سکتے اور یہ لوگ مسلمان تو درکنار انسان کہلوانے کے بھی حقدار نہیں۔ انہوں نے کہا سماج دشمن عناصر ایسی کارروائایں کرکے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پی پی آئی کے مطابق صاحبزادہ فضل کریم‘ ایم این اے‘ صدر مرکزی جمعیت علمائے پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں نے ملک کا امن تباہ کیا ہے۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے حمہل کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیا۔ ثنا نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ہر صورت میں امن بحال کیا جائےگا اور دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے تمام انسان دشمن عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے ایسے بزدلانہ کارروائیوں کے ذرےعے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ دہشت گرد ناکام ہو چکے ہیں اس لئے وہ ایسے غیر انسانی اور غیر اخلاقی کارروائیوں پر اُتر آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا حکومت ملک اور عوام کی بقاءاور سلامتی کی جنگ جیتنے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اے پی پی کے مطابق قومی اسمبلی کی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ دہشت گرد ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان کے عوام اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ہم خیال) کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان‘ سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر اور مرکزی رہنماﺅں حامد ناصر چٹھہ‘ خورشید قصوری اور کشمالہ طارق نے کہا کہ دہشت گرد نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان کہلانے کے حقدار ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
نوازشریف/ ردعمل
Post New Comment