لاہور(خبر نگار خصوصی) معروف محقق و دانشور پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین مرزا نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کا وجود مکمل نہیں ہوتا۔ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادروں پر عمل کرنا ہے۔ وہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کا معالعاتی دورہ کرنے والی جناح اسلامیہ کالج، پیکو روڈ، ٹاﺅن شپ، لاہور کی طالبات سے مسئلہ کشمیر کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر سرفراز حسین مرزا نے کہا کہ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ اس لئے قرار دیا تھا کہ ہمارے سب دریا کشمیر کے پہاڑوں سے نکلتے ہیں۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لہٰذما اس کے لئے پانی کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اول دن سے ہی پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہا ہے اور اس سلسلے میں اس نے کبھی کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ اب وہ کشمیر کے اندر پاکستانی دریاﺅں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو ریگستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر موقع پر بھرپور حمایت کی اور انہیں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا ہے۔ کشمیری در حقیقت تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
Post New Comment