لاہور (خبرنگار) لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 123 کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد 82 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پرویز ملک کی امیدواری کا باضابطہ اعلان ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف نے اپنے کاغذات نامزدگی تاحال واپس نہیں لئے ہیں اور وہ بھی 82 امیدواروں میں شامل ہیں۔ دیگر نمایاں امیدواروں میں جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ، تحریک انصاف کے میاں حامد معراج نمایاں ہیں جبکہ (ق) لیگ کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے سابق اولمپئن چودھری اختر رسول کے کاغذات نامزدگی سپریم کورٹ پر حملہ کیس میں سزا یافتہ ہونے پر مسترد کردئیے گئے ہیں جبکہ اسی کیس میں سزا پانے والے میاں محمد منیر نے حلقہ میں بینرز تو آویزاں کروائے ہیں مگر کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے باوجود جمع نہیں کرائے۔ علاوہ ازیں صدا بہار امیدوار ایم پی خاں کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوئے۔ انہوں نے اپنا تجویز کنندہ و تائید کنندہ حضرت قائداعظمؒ اور ذوالفقار علی بھٹو کو لکھا تھا۔ تیسرے مسترد ہونیوالے کاغذات نامزدگی معروف ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے ہیں جن کا تجویز کنندہ علاقے کا ووٹر ہی نہیں تھا۔
Post New Comment