لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف میں کوئی فرق نہیں،دونوں کی جائدادیں اور پیسہ ملک سے باہر ہے، وقت آنے پر این آر او ذدہ چوروں اور لٹیروں کی چھترول کی جائے گی، دو نمبر سیاستدانوں سے اتحاد نہیں کروں گا، وزیر اعظم،پارلیمنٹ اور اپوزیشن ڈمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 123 میںسنگھ پورہ کے مقام پر بہت بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک استقلال کے صدر سید منظور علی گیلانی‘ مرکزی نائب صدر تحریک انصاف اعجاز چوہدری‘ پنجاب کے صدر احسن رشید‘ لاہو رکے صدر میاں محمود الرشید،شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاریاور تحریک انصاف کے امیدوار میاں حامد معراج نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا پنجاب کے حکمران ساری ترقی رائے ونڈ میں کر رہے ہیں اور وہاںکیلئے اربوں روپے کی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں جبکہ غریب کو کوئی نہیں پوچھتا۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری دونوں اقتدار کیلئے امریکہ کے جوتے پالش کرتے ہیں۔نواز شریف کہتے ہیں کہ میں نے نظام بچانا ہے۔ وہ مجھے بتائیں کہ کیا یہ نظام بچانا چاہتے ہیں جس میں عوام مہنگائی کے سمندر میں ڈوب رہی ہے‘ کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں‘ روٹی‘ کپڑ اور مکان عوام سے دور ہو رہا ہے۔
Post New Comment