بھاٹی گیٹ : شوہر نے 2 بیویوں کو ذبح کردیا

ـ 7 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (نمائندہ خصوصی) بھاٹی گیٹ کے محلہ سمیاں میں شوہر نے نشہ آور دوائی کھلانے کے بعد اپنی دو بیویوں کو شہ رگیں کاٹ کر قتل کر دیا‘ دوہرے قتل کی اس واردات کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ ایک مقتولہ کے معصوم بچے اپنی ماں کی نعش سے لپٹ کر روتے رہے، پولیس نے دونوں نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا کر مقدمہ درج کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزم قطب الدین بلوچ نے چند روز قبل محلہ سمیاں میں ٹیلر ماسٹر عبدالرشید سے ساڑھے تین ہزار روپے ماہوار کرایہ پر مکان حاصل کر کے وہاں رہائش اختیار کی ملزم نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اس کی پہلی بیوی نورجہاں سے 6 بچے ہیں‘ سب سے چھوٹا بچہ چھ ماہ کا ہے جبکہ اس کی دوسری بیوی بانوبے اولاد ہے اہل محلہ کا کہنا ہے کہ دونوں عورتوں کا اکثر آپس میں اور اپنے خاوند سے جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ علاوہ ازیں ملزم قطب الدین نشہ کا عادی اور نکھٹو تھا اس کے پاس دیگر نشئیوں کا بھی آنا جانا رہتا تھا جس سے اس کی بیویاں اسے منع بھی کرتی تھیں۔ جمعہ کے روز بھی ان کے گھر میں کسی بات پر جھگڑا ہوا اور جمعہ و ہفتہ کی درمیانی شب ملزم قطب الدین نے نشہ آور چیز کھلا کر اپنی دونوں بیویوں کو بے ہوش کیا اور جب بچے بھی سو گئے تو اس نے تیز دھار چھری سے دونوں بیویوں کو گردنیں کاٹ کر قتل کر دیا‘ صبح بچے اٹھے تو کمرے میں ہر طرف خون ہی خون بکھرا ہوا تھا جس پر بچوں نے خوفزدہ ہو کر چلانا شروع کر دیا جبکہ ملزم نے اپنے ضروری کپڑے ایک بیگ میں ڈالے اور بچوں کو اپنی ماں کی نعش سے لپٹ کر روتے چھوڑ کر فرار ہو گیا‘ شور سن کر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے اور انہوں نے ہی پولیس کو بلایا۔ مقتولہ نورجہاں کے بچوں نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ رات کو ان کی والدہ کے پیٹ جبکہ سوتیلی والدہ بانو کے گردے میں درد تھا اور ان کے والد نے دونوں کو دوائی کھلائی جس سے دونوں بے ہوش ہو گئیں۔ پولیس نے موقع سے آلہ قتل چھری برآمد کرنے کے بعد مالک مکان عبدالرشید اور گھر کرائے پر دلوانے والے پراپرٹی ڈیلر کو حراست میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions