لاہور (نمائندہ خصوصی+اپنے نمائندے سے+این این آئی) لوئرمال روڈ پر گورنمنٹ سول لائنز کالج کے سامنے گورنمنٹ سول لائنز کالج کے طلبہ نے اپنے ساتھیوں پر مقدمہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھراﺅ کرکے اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کے باعث کئی طالب علم بھی زخمی ہو گئے۔ اسلام پورہ پولیس نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج سو ل لائنز میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم سمیت 150طالب علموں کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی طالب علم گرفتار نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گلبر ک کے علاقہ کلمہ چوک میں مقامی کالج میں طلبہ تنظمیوں ایم ایس ایف اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان جھگڑا ہوا اور اسلامی جمعیت طلبہ کی فائرنگ سے ایم ایس ایف کا کارکن نعمان عرف نومی بٹ زخمی ہوگیا۔ بعدازاں گلبرگ پولیس نے فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے نعمان کی درخواست پر اسلامی جمعیت کے چار افراد منان گجر، ذوہیب، راحیل اور مدثر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم کسی بھی طالب علم کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا ۔گز شتہ روز اسلامی جمعیت طلبہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز کے سینکڑوں طلبہ نے لوئر مال روڈ کو ناصر باغ کے سامنے سے بند کر دیا اور ٹائر جلا کر احتجاج شرو ع کر دیا۔ جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور لوئر مال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور طلبہ کو مذکرات کرکے منتشر کرنے کی کوشش کی مگر طلبہ نے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کے ساتھیوں کے خلاف گز شتہ روز درج ہونے والامقدمہ خارج کیا جائے اور پولیس پر پتھراو شرو ع کر دیا جس کے باعث سپیشل سکواڈ کا اے ایس آئی حافظ اطہر اور کانسٹیبل ذکی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بھی شدید لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔ لاٹھی چارج سے کئی طلبہ بھی زخمی ہو گئے۔ طلبہ پتھراوکرتے ہوئے اسلامیہ کالج سول لائنز کے کریسنٹ ہاسٹل میں چلے گئے۔ پولیس نے کالج ہاسٹل سمیت پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز کے ناظم عمیر اسلم کا کہنا ہے کہ وہ پُرامن احتجاج کر رہے تھے مگر پولیس نے جان بوجھ کر ان پر لاٹھی چارج کیا جس کے باعث انہوں نے پولیس پر پتھراو کیا جبکہ ڈی ایس پی اسلام پورہ سرکل امیتاز سرور کاکہنا ہے کہ پہلے طلبہ کی طرف سے ان پر پتھراو کیا گیا۔ ایس پی سٹی ذیشان اصغر کی ہدایت پر اسلام پورہ پولیس نے کالج ناظم عمیر اسلم، سلمان ورک، آفتاب اور وقاص کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ سمیت سات دفعات لگا کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی اسلام پورہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جلد ہی ان کو گرفتار کر لیا جائےگا۔ علاوہ ازیں اسلامی جمعیت لاہور کے ناظم عبدالباسط نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ تنظیم نے گورنمنٹ گلبرگ کالج میں جمعیت کے کارکن کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ اس کے خلاف احتجاج پر الٹا جمعیت کے کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کر لئے گئے۔ پُرامن احتجاج پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، مذمت کرتے ہیں۔
Post New Comment